پی آئی اے نے افغان سفیر کا سامان گم کردیا

26 اکتوبر 2018
افغان سفیر عمر زخیلوال — فائل فوٹو
افغان سفیر عمر زخیلوال — فائل فوٹو

پاکستان کے لیے افغان سفیر ڈاکٹر عمر زخیلوال نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) نے اسلام آباد سے کابل جاتے ہوئے رواں ہفتے دوسری مرتبہ ان کا سامان گم کردیا ہے۔

انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ ’پی آئی اے نے اسلام آباد سے کابل کی پرواز میں ان کا دوسری مرتبہ سامان گم کیا ہے، جو برطانیہ پہنچ گیا ہے‘۔

انہوں نے سوال کیا کہ ’کیا انتظامیہ کی دوبارہ غلطی محض اتفاق ہوسکتی ہے؟‘۔

پی آئی اے کے ترجمان مشہود تاجور کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے شکایت درج کی جاچکی ہے اور معاملے پر تحقیقات کی جارہی ہیں۔

بعد ازاں تاجور نے ڈان ڈاٹ کام سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ گمشدہ سوٹ کیس کا پتہ چلا لیا گیا ہے اور وہ کابل میں افغان سفیر کو کل تک پہنچا دیا جائے گا۔

پی آئی اے حکام کا کہنا تھا کہ زخیلوال کے سوٹ کیس پر برمنگھم جانے والی پرواز پی کے 791 کا غلط ٹیگ لگ گیا تھا جو پی آئی اے کی کابل جانے والی پرواز سے آدھے گھنٹے پہلے روانہ ہوئی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں