اس وقت بیشتر کمپنیاں اسمارٹ فونز کے فرنٹ پر بیزل ختم کرنے کے لیے بیزل کا سہارا لے رہی ہیں مگر ایک چینی کمپنی نے اس کا ایک انتہائی منفرد حل ڈیوائس کے بیک پر ایک ڈسپلے کی شکل میں پیش کردیا ہے۔

نوبیا نامی کمپنی نے اپنا نیا فلیگ شپ فون 'نوبیا ایکس' متعارف کرایا ہے جو کہ اپنی طرز کا دنیا کا پہلا فون ہے جس کے فرنٹ پر 6.26 انچ کی ایچ ایچ ڈی پلس ایل سی ڈی اسکرین دی گئی ہے جو کہ لگ بھگ بیزل لیس ہے، جبکہ بیک پر 5.1 انچ کا او ایل ای ڈی ڈسپلے موجود ہے۔

کمپنی نے فون میں 2 ڈسپلے دے کر فرنٹ کیمرے کی ضرورت ہی ختم کردی ہے کیونکہ بیک پر موجود مین کیمرے ہی سیلفی لینے کا کام کریں گے۔

فوٹو بشکریہ نوبیا
فوٹو بشکریہ نوبیا

اور سب سے متاثرکن بات یہ ہے کہ بیک پر موجود ڈسپلے کو سوئچ آف کیا جائے تو رنگا رنگ گلاس بیک نمایاں ہوجاتی ہے، جس کا مظاہرہ آپ نیچے دیکھ سکتے ہیں۔

جیسا اوپر ذکر کیا جاچکا ہے کہ بیک ڈسپلے کا مقصد سیلفی لینے میں مدد دینا ہے اور اس کے لیے 16 میگا پکسل اور 24 میگا پکسل کیمرے دیئے گئے ہیں۔

کمپنی کا دعویٰ ہے کہ کیمرہ کا پورٹریٹ موڈ اے آئی ٹیکنالوجی سے چہرے کے فیچرز، عمر، جلد کی رنگت اور دیگر خصوصیات کا تجزیہ کرکے بہترین سیلفی لینے میں مدد دیتا ہے۔

فوٹو بشکریہ نوبیا
فوٹو بشکریہ نوبیا

ویسے سیلفی سے ہٹ کر بیک پر موجود او ایل ای ڈی ڈسپلے سے دیگر ایپس یا روزمرہ کے کام بھی ویسے کیے جاسکتے ہیں جیسے فرنٹ اسکرین پر کیے جاتے ہیں، جس کے لیے ڈیوائس کے دونوں اطراف پر فنگرپرنٹ ریڈر موجود ہیں جو اسکرینز سوئچ کرنے کا کام بھی کرتے ہیں۔

اسی طرح او ایل ای ڈی پینل میں ٹچ اسکرین کو گیمز کھیلتے ہوئے 2 اضافی بٹنز کے طور پر بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔

فوٹو بشکریہ نوبیا
فوٹو بشکریہ نوبیا

اس سے ہٹ کر فون میں 6 سے 8 جی بی ریم، 256 جی بی تک اسٹوریج، اسنیپ ڈراگون 845 پراسیسر اور 3800 ایم اے ایچ بیٹری دی گئی ہے۔

یہ ڈوئل نان سم سپورٹ والا فون ہے جس میں اینڈرائیڈ اوریو 8.1 آپریٹنگ سسٹم دیا گیا ہے۔

یہ فون فی الحال چین میں فروخت کے لیے پیش کیا گیا ہے اور اس کا سکس جی بی ریم اور 64 جی بی اسٹوریج والا ماڈل 470 ڈالرز (50 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) جبکہ 8 جی بی ریم اور 256 جی بی اسٹوریج والا ورژن 620 ڈالرز (70 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں دستیاب ہوگا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں