وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے بدین میں قائم اومنی گروپ کی مبینہ ملکیت میں موجود 3 شوگر ملز پر چھاپہ مارا ہے۔

باوثوق ذرائع کا کہنا تھا کہ چھاپے کھوسکی، تلہار اور ماتلی کے علاقوں میں گزشتہ روز رات دیر گئے مارے گئے۔

ایف آئی اے کی ٹیم نے کھوسکی شوگر ملز کی حدود میں قائم سندھ بینک کی ایک برانچ سے 2 سال قبل سامنے آنے والے 70 سے 75 کروڑ روپے کے مبینہ اسکیم سے متعلق ریکارڈ کو بھی ضبط کرلیا۔

مزید پڑھیں: اومنی گروپ کی شوگر ملز کو کام کرنے کی اجازت دی جائے، نیشنل بینک

اومنی گروپ سے تعلق رکھنے والے انور مجید، ان کے بیٹے، سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور کے خلاف مذکورہ چھاپوں کو منی لانڈرنگ کیس میں پیش رفت کا حصہ بتایا جارہا ہے۔

آصف علی زرداری کے قریبی ساتھی انور مجید اور ان کے بیٹے عبدالغنی مجید اربوں روپے کے جعلی اکاؤنٹس کیس میں مرکزی ملزم ہیں جس کی تحقیقات ایف آئی اے کر رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق ایف آئی اے حکام نے شوگر مل کے حکام سے عدالت عظمیٰ کی جانب سے کیس لینے کے بعد ’گمشدہ‘ ہونے والے چینی کے اسٹاک کے حوالے سے پوچھ گچھ کی۔

یہ بھی پڑھیں: اومنی گروپ کے ڈائریکٹر نمر مجید رہا

اس سے قبل ایف آئی اے نے پیرا ملٹری فورسز کے ہمراہ کھوسکی شوگر مل پر 26 اگست کو چھاپہ مارا تھا۔

حکام کا کہنا تھا کہ چھاپے کے دوران ایف آئی اے کی ٹیم نے 7 کلاشنکوف، 4 سیمی آٹومیٹک رائفلز، 2 ڈیجیٹل ویڈیو ریکارڈرز، 27 ہارڈ ڈسک، ایک ورچوئل اسٹوریج ڈیوائس اور مالیاتی دستاویزات بر آمد کیے تھے۔

مقامی حکام نے شوگر ملز پر ہونے والے حالیہ چھاپوں کے حوالے سے رائے دینے سے گریز کیا۔

تبصرے (0) بند ہیں