عمراکمل، سنیل نارائین کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا حصہ بن گئے

اپ ڈیٹ 08 نومبر 2018
عمر اکمل (دائیں) سنیل نارائین (بائیں) — فوٹو، فائل
عمر اکمل (دائیں) سنیل نارائین (بائیں) — فوٹو، فائل

لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چوتھے ایڈیشن سے قبل لاہور قلندرز نے ٹریڈ ڈیل کے دوران تجربہ کار کھلاڑیوں عمر اکمل اور سنیل نارائین کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ساتھ ٹریڈ کرلیا۔

پی ایس ایل کی فرینچائز کے درمیان مذکورہ ڈیل کو اب تک کی سب سے بڑی ڈیل قرار دیا جارہا ہے۔

ٹریڈ ڈیل کے دوران لاہور قلندرز نے اپنے تجربہ کار کھلاڑیوں کی جگہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے حسان خان اور راحت علی کو اپنی ٹیم میں شامل کیا ہے۔

سنیل نارائین 2017 کے ایڈیشن میں پی ایس ایل کا حصہ بنے اور انہوں نے گزشتہ 2 ایونٹ لاہور قلندرز کی جانب سے کھیلے اور اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

سنیل نارائین پی ایس ایل میں 9 میچز کھیل چکے ہیں جہاں انہوں نے 10 وکٹیں حاصل کی ہوئی ہیں، تاہم ان کی خصوصیت ان کا اکانومی ریٹ ہے جو 6.00 ہے۔

اب تک ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سنیل نارائین 299 میچز کھیل کر 342 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے لاہور قلندرز کے عمر اکمل کو ٹیم میں شامل کرلیا ہے جو اب تک کی سب سے بڑی ڈیل سمجھا جارہا ہے۔

عمر اکمل پی ایس ایل کے اہم بلے بازوں میں شامل ہیں جہاں وہ 20 میچز میں 138 رنز کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ 556 رنز اسکور کر چکے ہیں۔

پی ایس ایل کے تمام ایڈیشن میں عمر اکمل نے لاہور قلندرز کی نمائندگی کی ہے، جبکہ پہلی مرتبہ وہ کسی دوسری ٹیم کے ساتھ نظر آئیں گے۔

لاہور قلندرز کے چیف آپریٹنگ افسر سمین رانا نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ لاہور قلندرز کی انتظامیہ اور مداحوں کی جانب سے عمر اکمل اور سنیل نارائین کو لاہور قلندرز کے لیے خدمات پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ اسپینر حسان خان اور فاسٹ باؤلر راحت علی کو لاہور قلندرز میں شمولیت پر خوش آمدید کہتے ہیں۔

اپنے نومنتخب کھلاڑی کے بارے میں انہوں نے کہا کہ ’راحت علی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں اپنی کارکردگی کا لوہا منواچکے ہیں، جبکہ حسان علی نے بھی اپنی کارکردگی سے ہر ایک کو متاثر کیا ہوا ہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک ڈاکٹر ندیم عمر نے اپنے بیان میں کہا کہ ’ عمر اکمل اور سنیل نارائین ورلڈ کلاس کھلاڑی ہیں جو آئندہ پی ایس ایل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا حصہ ہوں گے‘۔

انہوں نے کہا کہ سنیل نارائین ایک جادوگر اسپینر ہیں اور وہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں میچ وونر ہیں، جبکہ عمر اکمل پاکستان کے جارح مزاج بیٹسمین ہیں جن کی شمولیت سے ٹیم کی بیٹنگ لائن مزید مضبوط ہوگی۔

تبصرے (0) بند ہیں