18 ماہ کے بچے نے سمندر کی بپھرتی لہروں کو شکست دے دی

05 نومبر 2018
نیوزی لیںڈ کا ساحل جہاں سے 18 ماہ کا بچہ ملا تھا—فوٹو : انڈی پینڈنٹ
نیوزی لیںڈ کا ساحل جہاں سے 18 ماہ کا بچہ ملا تھا—فوٹو : انڈی پینڈنٹ

نیوزی لینڈ کے ساحل پر سمندر کی بپھرتی لہریں 18 ماہ کے بچے سے شکست کھاگئیں۔

بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق شمالی جزیرے پر واقع متاتا بیچ پر گوس ہٹ نامی شخص مچھلیوں کا شکار کررہے تھے کہ انہوں نے پانی میں ایک چھوٹی سے چیز کو تیرتے ہوئے دیکھا۔

انہوں نے پہلے سوچا کہ شاید وہ ایک گڑیا تھی لیکن جب اس نے رونا شروع کیا تو انہیں معلوم ہوا کہ وہ ایک بچہ تھا۔

18 ماہ کا یہ بچہ دراصل اپنے والدین کے خیمے سے باہر نکل کر سمندر کی جانب چلا گیا تھا۔

مسٹر ہٹ نے نیوزی لینڈہیرالڈ کو بتایا کہ ’ میں سمجھا کہ وہ ایک گڑیا ہے جبکہ میں اس تک پہنچا اسے بازو سے اٹھایا تب بھی مجھے علم نہیں ہوا تھا کہ وہ ایک بچہ ہوسکتا ہے‘۔

انہوں نے بتایا کہ ’ اس کا چہرہ چینی مٹی کے بنے برتنوں جیسا معلوم ہورہا تھا اوراس کے سر کے بال گیلے ہورہے تھے لیکن جب اس نے ہلکی سی آواز نکالی تو میں نے سوچا او میرے خدا یہ ایک بچہ ہے اور ابھی زندہ ہے‘۔

گوس ہٹ متاتا بیچ پر مرفی ہولیڈے کیمپ میں قیام پذیر تھے اور 26 اکتوبر کو قریبی ساحل پر مچھلیوں کا شکار کررہے تھے۔

ہیرالڈ کے مطابق گوس ہٹ عام طور پر خیمے سے نکل کر سیدھا ساحل پر جاتے تھے لیکن اس دن انہوں نے اپنے خیمے سے بائیں جانب 100 میٹر دور ایک مختلف مقام پر شکار کا فیصلہ کیا تھا۔

وہ جب وہاں پہنچے اور اپنی فشنگ لائنز چیک کرنے کے بعد مچھلیاں شکار کرنے لگے تو انہیں پانی پر ایک بچہ تیرتا ہوا دکھائی دیا تھا‘۔

انہوں نے بتایا کہ وہ تیز رفتاری سے تیر رہا تھا اور اگر مجھے ایک منٹ کی بھی تاخیر ہوتی تو میں اسے نہیں دیکھ پاتا‘۔

گوس ہٹ کا مزید کہنا تھا کہ ’وہ بہت زیادہ خوش قسمت تھا‘۔

گوس ہٹ کی اہلیہ نے کیمپ اسٹاف کو اطلاع دی جنہوں نے بتایا کہ صرف ایک جوڑے کے ساتھ بچہ بھی تھا، اس دوران ایمرجنسی سروسز نے بھی الرٹ جاری کردیا تھا۔

مرفی ہالیڈی کیمپ کی مشترکہ مالک نے بی بی سی کو بتایا کہ ’ واقعے سے ایسا ظاہر ہوا کہ بچہ ساحل سمندر کو دیکھ کر کافی پُرجوش تھا، اس خاندان نے پہلی مرتبہ یہاں رات گزاری تھی، وہ اس ساحل پر پہلی مرتبہ آئے تھے‘۔

انہوں نے بتایا کہ ’ گوس ہٹ ایک مچھیرے ہیں اور یہاں باقاعدہ آتے ہیں، وہ بچے کو ہمارے پاس لائے تھے ہم نے اسے تولیے میں لپیٹا اور اس کے والدین کو اطلاع دی‘۔

ان کا کہنا تھا کہ بچہ اپنے والدین کے خیمے سے زپ کھول کر باہر آگیا تھا اور اس کا رخ سمندر کی طرف تھا۔

بچے کے والدین کو اطلاع دی گئی تھی کہ ان کا بیٹا پانی سے ملا تھا، انہوں نے گھر واپسی سے قبل گوس ہٹ کا شکریہ ادا کیا۔

مسز سالٹر نے بتایا کہ ’ یہ سب کے لیے حیران کن بات تھی ، یہ ایک بہت خوش قسمت موقع تھا جو بدترین حادثے میں بھی تبدیل ہوسکتا تھا‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’ یہ کسی معجزے سے کم نہیں‘۔

مقامی پولیس نے تصدیق کی کہ اہلکار واقعے کی اطلاع ملتے ہی فوری طور پر پہنچے تھے، انہوں نے بتایا کہ ’ بچہ اب بالکل ٹھیک ہے‘۔

تبصرے (0) بند ہیں