ٹی10 کے سربراہ کی کچھ میچز پاکستان میں منعقد کروانے کی خواہش

اپ ڈیٹ 06 نومبر 2018
سعد اللہ خان — فوٹو، عبدالغفار
سعد اللہ خان — فوٹو، عبدالغفار

لاہور: ٹی 10 لیگ کے سربراہ سعد اللہ خان نے خواہش کا اظہار کیا ہے کہ وہ تیسرے ایڈیشن کے کچھ میچز پاکستان میں منعقد کروانا چاہتے ہیں۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ٹی ٹین لیگ کے منیجنگ ڈائریکٹر سعد اللہ خان کا کہنا تھا کہ انتظامیہ ٹی 10 لیگ کے تیسرے ایڈیشن کے سیمی فائنل اور فائنل مقابلے پاکستان میں کروانے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ مکمل طور پر یہ ٹورنامنٹ پاکستان میں نہیں لایا جاسکتا۔

سعد اللہ خان نے بتایا کہ پاکستان کے 22 میں سے 12 کھلاڑیوں کو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے این او سی جاری کردیا گیا ہے۔

پاکستان میں ٹی ٹین انتظامیہ سے متعلق انہوں نے بتایا کہ ’ٹی ٹین لیگ کی پاکستان میں ایک پوری ٹیم کام کررہی ہے، کوشش ہے کہ پی سی بی کے ساتھ معاملات پاکستان میں ٹی ٹین کی انتظامیہ مل کر طے کریں۔

مزید پڑھیں: واٹسن ٹی10 لیگ کی فرنچائز 'کراچینز' میں شامل

انہوں نے بتایا کہ لیگ کے پہلے ایڈیشن میں 6 ٹیمیں تھیں تاہم دوسرے ایڈیشن میں ٹیموں کی تعداد 8 ہوگئی ہے جن کے درمیان 12 دن میں 39 میچز منعقد کروائے جائیں گے۔

سعد اللہ خان نے کہا کہ ٹی ٹین لیگ کے ذریعے کرکٹ کو اولمپکس میں شامل کروانے کے لیے کوشاں ہیں، کیونکہ یہ اولمپکس کے لیے بہترین فارمیٹ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ بھارتی کھلاڑی کسی دوسری لیگ میں حصہ لے رہے ہیں، اس مرتبہ لیگ میں 7 بھارتی کھلاڑی بھی شامل ہیں جن کا اس میں حصہ لینا ہی اہم ہے۔

ٹی ٹین لیگ کے ایم ڈی کا کہنا تھا کہ آئی سی سی نے لیگ کے پہلے ایڈیشن کے حوالے سے اپنی رپورٹس تینوں کرکٹ بورڈز کو بھجوا دی ہیں۔

پاکستان کھلاڑیوں کی شمولیت سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں کے این او سی جاری ہونے کا معاملہ پی سی بی میں تبدیلی کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: پی سی بی ٹی10 لیگ کیلئے کھلاڑیوں کو این او سی دینے پر رضامند

انہوں نے بتایا کہ بورڈ اور چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے ہمارے ساتھ بڑا تعاون کیا، پی سی بی کے ساتھ کھلاڑیوں کو ریلیز کرنے کے معاملات ہر سال طے ہوتے ہیں۔

پاکستان میں میچز منعقد کروانے سے متعلق انہوں نے کہا کہ ہم اس سال ہی لیگ کے سیمی فائنل اور فائنل پاکستان کروانا چاہتے تھے لیکن وقت کی کمی کی وجہ سے ایسا ممکن نہیں ہو سکا تاہم اگلے سال 3 میچز منعقد کروائے جائیں گے۔

سعد اللہ خان کا کہنا تھا کہ ٹی 10 لیگ کے حوالے سے اٹھنے والا تنازع بے بنیاد تھا، اور آئی سی سی اور پی سی بی نے معاملات کا جائزہ لے کر کلیئرنس دی۔

انہوں نے لیگ میں زیادہ بھارتی اسپانسرز ہونے کے تاثر کو بھی غلط قرار دیا۔

تبصرے (0) بند ہیں