وزیراعظم عمران خان نے وزیر مذہبی امور نورالحق قادری سے ملاقات کے دوران 2 روزہ عالمی ختم نبوت کانفرنس کے انعقاد کا فیصلہ کرتے ہوئے آئندہ 12 ربیع الاول کو شایان شان انداز میں منانے کا اعلان کر دیا۔

چین کے 4 روزہ دورے کے بعد واپسی پر وزیراعظم عمران خان سے وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری نے ملاقات کی اور موجودہ صورت حال پر بریفنگ دی جہاں وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری اور سینیٹر فیصل جاوید خان سمیت دیگر اراکین بھی موجود تھے۔

وزیراعظم اور وزیر مذہبی امور کے درمیان ملاقات میں حکومت نے 2 روزہ ختمِ نبوت ﷺ بین الاقوامی کانفرنس کا فیصلہ کیا جس میں امامِ کعبہ، شام کے مفتی اعظم، عراق اور تیونس کےعلما شرکت کریں گے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اتحاد امت اوربین المذاہب ہم آہنگی مہم کو تیزکیا جائے گا اور مشائخ اور علما کے ساتھ خود رابطےمیں رہوں گا۔

یہ بھی پڑھیں:آسیہ بی بی کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا فیصلہ عدالت کرے گی، وزیر مذہبی امور

اسلام کے امن کے پیغام کو پوری دنیا کو پیش کرنے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے وزیراعظم نے اعلان کیا کہ آئندہ 12 ربیع الاول شایانِ شان انداز میں منایا جائے گا اورکہا کہ پرامن اسلام کی تصویر کو پوری دنیا کے سامنے پیش کرنا چاہتےہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ حضورؐکی سیرت طیبہ کا پیغام آئندہ نسلوں تک پہنچانا ریاست کی ذمہ داری ہے اور ریاست مدینہ کے قیام کے لیےعلما اور دینی طبقے کی مشاورت کی ضرورت ہے۔

خیال رہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے 31 اکتوبر کو مسیحی خاتون آسیہ بی بی کو توہین رسالت کے الزام سے بری کیے جانے کے بعد ملک بھر میں مذہبی جماعتوں نے شدید احتجاج کیا تھا اور حکومت سے کئی مطالبات کیے تھے۔

حکومت نے تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) سے ایک معاہدہ کیا تھا جس کے بعد دھرنے ختم کردیے گئے تھے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں