خواتین کا رات گئے تک جاگنا بریسٹ کینسر کا خطرہ بڑھائے

اپ ڈیٹ 08 نومبر 2018
یہ بات برطانیہ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی— فائل فوٹو
یہ بات برطانیہ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی— فائل فوٹو

صبح جلد جاگنے والی خواتین کے مقابلے میں رات گئے تک جاگنے والی خواتین میں بریسٹ کینسر کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔

یہ بات برطانیہ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

برسٹل یونیورسٹی کی تحقیق کے دوران 4 لاکھ خواتین کے جاگنے اور سونے کی عادات کا جائزہ لیا گیا اور معلوم ہوا کہ رات گئے تک جاگنے کی عادت بریسٹ کینسر کا خطرہ 48 فیصد تک بڑھا دیتی ہے۔

تحقیق میں یہ بھی دریافت کیا گیا کہ جو خواتین 8 گھنٹے سے زیادہ سونے کی عادی ہوتی ہیں، ان میں بھی بریسٹ کینسر کی تشخیص کا خطرہ 20 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔

محققین کے مطابق اس کی ایک وجہ صبح جلد اٹھنے والی خواتین کی نیند کا معیار بہتر ہوتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ رات گئے تک جاگنے کے نتیجے میں خواتین کی نیند متاثر ہوتی ہے کیونکہ جسمانی گھڑی کے افعال پر اس عادت سے منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں جو اس جان لیوا مرض کا خطرہ بڑھاتے ہیں۔

تحقیق کے مطابق اس حوالے سے مزید جائزہ لیا جائے گا کہ یہ میکنزم کس حد تک اثرات مرتب کرتا ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ نیند کی عادت کو بدلنا ہی صرف اس خطرے کو کم کرنے میں مدد نہیں دے سکتا کیونکہ ہوسکتا ہے کہ یہ معاملہ زیادہ پیچیدہ ہو مگر پھر بھی جلد سونے اور جاگنے سے خواتین میں اس مرض سے کافی حد تک بچاﺅ ممکن ہے۔

اس تحقیق کے نتائج نیشنل کینسر ریسرچ انسٹیٹوٹ کانفرنس کے دوران پیش کیے گئے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں