عراق: داعش کے زیرکنٹرول علاقے سے 200 سے زائد اجتماعی قبریں دریافت

07 نومبر 2018
—فوٹو:اے ایف پی
—فوٹو:اے ایف پی
—فوٹو:اے پی
—فوٹو:اے پی
—فوٹو:اے ایف پی
—فوٹو:اے ایف پی

اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ عراق میں 12 ہزار افراد کی 200 سے زائد اجتماعی قبریں ملی ہیں جو اسلامک اسٹیٹ (آئی ایس) گروپ کے جنگی جرائم کا ایک اہم ثبوت ہوسکتا ہے۔

خبرایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق عراق میں اقوام متحدہ اور اس کے انسانی حقوق کے دفتر کا کہنا تھا کہ انہوں نے عراق کے مغربی اور شمالی علاقوں میں ملنے والی مجموعی طور پر 202 اجتماعی قبروں کے حوالے سے دستاویزی رپورٹ جمع کرا دی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان علاقوں میں ا2014 سے 2017 تک آئی ایس کا قبضہ تھا۔

رپورٹ میں خبردار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ آنے والے مہینوں میں اس طرح کے کئی اور علاقے بھی سامنے آسکتے ہیں جبکہ عراقی حکام پر زور دیا گیا ہے کہ وہ ان کی باقاعدہ تدفین کے لیے انتظامات کرے۔

عراق میں اقوام متحدہ کے نمائندے جین کوبیز کا کہنا تھا کہ ‘ہماری رپورٹ میں سامنے آنے والے اجتماعی قبریں اندوہناک انسانی نقصان اور ظلم کا ثبوت ہیں’۔

یہ بھی پڑھیں:عراقی وزیراعظم کا داعش کوشکست دینے کا اعلان

ان کا کہنا تھا کہ ‘انسانی جانوں کے اس نقصان کے حوالے سے صورت حال کا سراغ لگانا ایک قدم ہے تاکہ غم زدہ خاندانوں کے انصاف اور سچ جاننے کے حق کو محفوظ بنایا جائے’۔

یاد رہے کہ آئی ایس نے عراق میں اپنے جنگجوووں اور دیگر ذرائع سے 2014 میں اپنے پیر جمانے شروع کردیے تھے اور ملک کے شمالی اور مغربی سرحد میں ایک بڑے علاقے پر قبضہ کرلیا تھا۔

اقوام متحدہ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اجمتاعی قبروں میں فرانزک ثبوت ہوسکتے ہیں جن سے ان کی خلاف ورزیوں کی تفصیلات جاننے میں مدد مل سکتی ہے اور متاثرین کی شناخت بھی ہوسکتی ہے۔

قبل ازیں اقوام متحدہ کے تفتیش کاروں نے رواں سال اگست میں آئی ایس کے انسانیت کے خلاف جرائم اور جنگی جرائم کے ثبوت اکٹھا کرنے کا آغاز کیا تھا۔

مزید پڑھیں:عراقی وزیراعظم کا موصل کو فتح کرنے کا اعلان

واضح رہے کہ عراقی وزیراعظم حیدر العبادی نے دسمبر 2017 میں 3 برس کی جنگ کے بعد عراقی فورسز کی جانب سے داعش کو شکست دینے کا اعلان کیا تھا۔

حیدر العبادی نے بغداد میں پریس کانفرنس کے دوران کہا تھا کہ 'ہماری فورسز کا عراق-شام سرحد پر مکمل کنٹرول ہے'۔

حیدر العبادی کا کہنا تھا کہ 'ہمارا دشمن ہماری تہذیب کو ختم کرنا چاہتا تھا لیکن ہم نے اتحاد اور عزم سے کامیابی حاصل کرلی ہے اور ہم نے بہت ہی کم عرصے میں داعش کو شکست دی ہے'۔

تبصرے (1) بند ہیں

Ch abdullah bin Zubair Nov 07, 2018 07:24am
اقوام متحدہ کی یہ کوثش ایک پوزیٹیو سرگرمی ہے لیکن بہت افسوس کے ساتھ یہ کہنا پڑ رہا ہے کہ اقوام متحدہ کو وادئ کشمیر میں ڈھائے جانے والے نہتے کشمیریوں پر ظلم کیوں نظر نہیں آتے کیا اب کو ہیومن رائٹس لینے کا حق نہیں ہے؟کیا وہ انسان نہیں؟100000 لوگ مر چکے 1990 سے لے کر 2011 تک یہ تو ایک سروے روپورٹ ہے باقی حقائق پوری دنیا کے سامنے ہیں! اقوام متحدہ کہاں ہے؟؟؟؟؟؟؟