تمباکو نوشی چھوڑنے کے بعد دل کی صحت کب تک بہتر ہوتی ہے؟

08 نومبر 2018
یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی— شٹر اسٹاک فوٹو
یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی— شٹر اسٹاک فوٹو

تمباکو نوشی کی عادت چھوڑنے کے بعد بھی امراض قلب اور فالج کا خطرہ کم ہونے کے لیے 15 سال کا عرصہ درکار ہوتا ہے۔

یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

وینڈربلٹ یونیورسٹی میڈیکل سینٹر کی تحقیق کے دوران 9 ہزار کے قریب افراد کے 50 سال تک کے ڈیٹا کا جائزہ لیا گیا اور معلوم ہوا کہ تمباکو نویش کے عادی افراد کے دلوں کو نکوٹین، تمباکو اور دیگر کیمیکلز سے ہونے والے نقصان سے نجات پانے کے لیے ایک دہائی سے زائد عرصہ درکار ہوتا ہے۔

مزید پڑھیں : تمباکو نوشی چھوڑنے کے 12مددگار طریقے

اس سے قبل ماضی میں طبی تحقیقی رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ تمباکو نوشی ترک کرنے 5 سال کے اندر فالج کا خطرہ ختم ہوجاتا ہے مگر اس نئی تحقیق میں دعویٰ کیا گیا کہ یہ دورانیہ 15 سال کا ہے۔

تاہم محققین کا کہنا تھا کہ دل اور خون کی شریانیں تمباکو نوشی سے ہونے والے نقصان کو تیزی سے ریکور کرتے ہیں۔

امراض قلب دنیا بھر میں سب سے زیادہ اموات کی بڑی وجہ ہے جس میں ہر سال مختلف وجوہات جیسے موٹاپے، تناﺅ، ورزش نہ کرنا اور ناقص غذا کے نتیجے میں اضافہ ہورہا ہے۔

محققین کے مطابق تمباکو نوشی ترک کرنے کے 16 سال بعد جاکر امراض قلب اور فالج کا خطرہ اس عادت سے زندگی بھر دور رہنے والوں کے برابر آتا ہے۔

تاہم تمباکو نوشی چھوڑنے سے ہارٹ اٹیک اور خون کی شریانوں کے دیگر امراض کا خطرہ کم ہوجاتا ہے، یہاں تک کہ تمباکو نوشی کو چھوڑنے کے محض 20 منٹ بعد ہی اس فرد کی دھڑکن اور بلڈ پریشر معمول کی سطح پر آجاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : تمباکو نوشی ترک کرنے کے حیرت انگیز اثرات

بارہ گھنٹے بعد خون میں کاربن مونوآکسائیڈ کی سطح گر جاتی ہے، ایک ہفتے بعد ہارٹ اٹیک کا خطرہ نمایاں حد تک کم ہوجاتا ہے، تاہم امراض قلب کا خطرہ برقرار رہتا ہے۔

اس تحقیق کے نتائج امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن کانفرنس میں آئندہ ہفتے پیش کیے جائیں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں