شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبال کا 141واں یوم پیدائش آج ملک بھرمیں عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے۔

اس موقع پر اپنے پیغامات میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے عظیم فلسفی اور شاعرمشرق کی تعلیمات اور فلسفے پر عملدرآمد کی اہمیت واضح کی تاکہ ملک کو درپیش کثیر الجہتی چیلنجوں سے نمٹا جاسکے۔

وزیر اعظم عمران خان کا اس موقع پر کہنا تھا کہ علامہ اقبال کا کلام دنیا کے ہر حصے میں پڑھا اور سمجھا جاتا ہے۔

مزید پڑھیں: شاعرِ مشرق علامہ اقبال کی 141واں یوم پیدائش

عمران خان کے مطابق علامہ اقبال نے ہمیشہ مسلمانوں کو آپس میں اتحاد اور اتفاق کی تلقین کی اور دعوت عمل دی۔

وزیراعظم نے کہا کہ شاہین کے تصور اور خودی کے فلسفے کو سمجھ کر اور اس پر عمل پیرا ہونے سے ہی پاکستان کو اقوام عالم میں اس کا اصل مقام دلایا جاسکتا ہے۔

اس موقع پر لاہور میں موجود علامہ اقبال کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب بھی منعقد ہوئی۔

اس دوران مصور پاکستان کو پاک بحریہ اور پاک رینجرز کے چاق وچوبند دستے نے سلامی دی۔

یہ بھی پڑھیں: حکیم الامت علامہ اقبال کی شاعرانہ عظمت کو خراج تحسین

مہمان خصوصی اسٹیشن کمانڈر نیوی کموڈور نعمت اللہ نے مزار اقبال پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔

مہمان خصوصی نے کتاب یادداشت پر اپنے تاثرات بھی قلمبند کیے۔

اس دوران سیکیورٹی خدشات کے باعث مزار پر عوام کا داخلہ بند رہا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں