پہلی محبت ساتویں جماعت، دوسری 15 سال بعد کی، صنم سعید

09 نومبر 2018
صنم سعید نے 2010 میں ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے—فوٹو: انسٹاگرام
صنم سعید نے 2010 میں ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے—فوٹو: انسٹاگرام

پاکستانی اداکارہ صنم سعید نے اعتراف کیا ہے کہ ماضی میں ان کی دوستی لڑکوں سے رہی ہے اور انہیں پہلی محبت انتہائی کم عمری میں ہوئی۔

زندگی گلزار ہے، دام، میرا نصیب، متاع جان ہے تو، کہیں چاند شرما نہ جائے، فراق، دیار دل، دل بنجارہ، آخری اسٹیشن اور دیدن جیسے ڈراموں میں شاندار اداکاری دکھانے والی صنم سعید کے مطابق انہیں بچپن میں زمانہ طالب علمی سے اداکاری کا شوق تھا۔

اداکارہ ثمینہ پیرزادہ کے ساتھ ‘اسپیک یوئر ہارٹ ود ثمینہ پیرزادہ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے صنم سعید نے اپنے بچپن، والدین، بہن بھائیوں، محبت، پروفیشنل زندگی اور ناکام ازدواجی زندگی پر بھی کھل کر بات کی۔

صنم سعید نے بتایا کہ ان کی پیدائش لندن میں ہوئی اور زندگی کے ابتدائی سال انہوں نے وہیں ہی گزارے۔

اداکارہ کے مطابق ان کے والد کا تعلق پنجاب سے ہے، جب کہ ان کی والدہ کراچی سے تھیں اور دونوں نے محبت کی شادی کی، جس کے بعد کچھ عرصے کے لیے ان کا خاندان لندن منتقل ہوا، جس کے بعد وہ واپس کراچی میں آ بسے۔

یہ بھی پڑھیں: صنم سیعد کی فلم آسکر ایوارڈ کے لیے منتخب

صنم سعید نے بتایا کہ وہ تین بہن بھائیوں میں سب سے بڑی ہیں اور زمانہ طالب علمی سے ہی وہ گھر کی لاڈلی تھیں۔

اداکارہ نے اپنی شادی کی ناکامی کی ذمہ داری کا بھی اعتراف کیا—فوٹو: صنم سعید انسٹاگرام
اداکارہ نے اپنی شادی کی ناکامی کی ذمہ داری کا بھی اعتراف کیا—فوٹو: صنم سعید انسٹاگرام

اداکارہ نے بتایا کہ اسکول کے زمانے سے ہی انہیں اداکاری کا شوق تھا اور وہ اسکول میں بھی اساتذہ کی نقل اتارنے سمیت دیگر پرفارمنس کیا کرتی تھیں۔

صنم سعید کے مطابق شروع سے ہی اس کی دوستی لڑکوں کے ساتھ رہی اور انہیں پہلی بار ساتویں جماعت میں ایک کلاس فیلو لڑکے سے محبت ہوئی۔

انہوں نے اپنی پہلی محبت کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ وہ بہت ہی شرمیلا اور پیارا لڑکا تھا، تاہم ان کی وہ محبت زیادہ وقت تک نہ چل سکی۔

صنم سعید نے اعتراف کیا کہ پہلی بار ان کا دل 19 برس کی عمر میں ٹوٹا اور انہوں نے فیصلہ کیا کہ اب وہ کبھی بھی محبت نہیں کریں گی۔

اداکارہ نے بتایا کہ پہلی محبت کے 15 برس بعد ہی انہیں دوبارہ عشق ہوا، تاہم وہ بھی زیادہ دیر تک نہ چل سکا۔

اداکارہ نے سابق شوہر کی تعریف بھی کی—فوٹو: صنم سعید انسٹاگرام
اداکارہ نے سابق شوہر کی تعریف بھی کی—فوٹو: صنم سعید انسٹاگرام

صنم سعید نے بتایا کہ دوسری بار انہیں جس سے محبت ہوئی، اسی سے ہی شادی کی اور انہوں نے فیصلہ کرلیا تھا کہ وہ شادی کے بعد بچے پیدا کرکے خاندان کو آگے بڑھائیں گی۔

اداکارہ نے اپنی ناکام ازدواجی زندگی کا ذمہ دار خود کو قرار دیتے ہوئے اعتراف کیا کہ شادی کے کچھ عرصے بعد انہیں احساس ہوا کہ ان سے شادی شدہ زندگی نہیں گزاری جائے گی۔

اداکارہ نے وضاحت کی کہ جب ان کی شادی ہوئی تو اس کے بعد ان کی والدہ کی طبیعت خراب ہوگئی، جس کی تیمارداری کے لیے انہیں اپنے شوہر اور شادی شدہ زندگی کو چھوڑنا پڑا۔

انہوں نے محتاط انداز میں بات کرتے ہوئے شوہر کی برائیاں کیے بغیر کہا کہ ان کی شادی کی ناکامی کی وجہ وہ خود ہیں، کیوں کہ جہاں انہیں اپنی والدہ کا خیال کرنا پڑا، وہیں انہیں احساس ہوا کہ وہ شادی کو برقرار رکھنے کے لیے مزید قربانیاں نہیں دیں گی۔

انہوں نے کہا کہ وہ شادی کے بعد دبئی منتقل ہوگئی تھیں، جہاں انہیں آزادی تو تھی، لیکن وہاں انہیں بوریت محسوس ہوئی، کیوں کہ وہ 16 سال کی عمر سے کام کرتی آ رہی تھیں۔

بچپن سے لڑکوں سے دوستی رہی، اداکارہ—فوٹو: صنم سعید انسٹاگرام
بچپن سے لڑکوں سے دوستی رہی، اداکارہ—فوٹو: صنم سعید انسٹاگرام

اداکارہ نے اپنے سابق شوہر کو بہترین انسان قرار دیتے ہوئے کہا کہ سابق شوہر نے ہی انہیں آزادی کا احساس دلایا۔

یہ پہلا موقع ہے کہ صنم سعید نے اپنی پروفیشنل زندگی سمیت ذاتی زندگی سے متعلق اتنی اہم باتیں کی ہیں۔

33 سالہ اداکارہ نے جہاں کئی معروف ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں، وہیں انہوں نے چند فلموں میں بھی شاندار اداکاری کی۔

انہوں نے ’بچانا، کیک، دوبارہ پھر سے، ماہ میر، رحم اور آزاد‘ جیسی فلموں میں اداکاری کی۔

ان کی فلم کیک کو پاکستان کی جانب سے فلمی دنیا کے سب سے معتبر ایوارڈ آسکر کے لیے بھی نامزد کیا گیا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

KHAN Nov 10, 2018 07:47pm
یہ بہت اچھی بات ہے کہ ثمینہ پیرزادہ کے پروگرام کو جو لوگ دیکھ نہیں پاتے آپ ان میں بلائے گئے مہمانوں کی زندگی سے آپ کو DAWNNEWS.TV کے ذریعے متعارف کرادیتے ہیں۔ صنم سعید کی دل کی باتیں آپ نے بہت اچھی تفصیل سے بیان کیں۔