عراق میں پھنسے زائرین بحفاظت وطن واپس روانہ

اپ ڈیٹ 10 نومبر 2018
ترجمان دفتر خارجہ نے زائرین کو وطن واپس بھیجنے کی تصدیق کردی  —فوٹو نوید صدیقی
ترجمان دفتر خارجہ نے زائرین کو وطن واپس بھیجنے کی تصدیق کردی —فوٹو نوید صدیقی

اسلام آباد: عراق میں موجود پاکستانی سفارت خانے نے ایئرپورٹ پر پھنسے 120 پاکستانی زائرین کو بحفاظت وطن واپس بھیج دیا۔

واضح رہے کہ پاکستانی قافلے کو لے جانے والا شخص مسافروں کے پاسپورٹ دیر سے ایئرپورٹ لے کر پہنچا تھا جس کی وجہ سے زائرین وطن واپسی کی فلائٹ میں سوار نہیں ہوسکے تھے۔

بعد ازاں مذکورہ شخص انہیں ٹکٹ اور پاسپورٹ دیے بغیر مسافروں کو بے سرو سامانی کے عالم میں چھوڑ کر فرار ہوگیا تھا جس کے باعث پاکستانی مسافر گزشتہ 4 روز سے ایئرپورٹ پر محصور تھے۔

یہ بھی پڑھیں: پاک ایران سرحد پر ہزاروں زائرین پھنس گئے

زائرین نے حکومت پاکستان سے مدد کرنے کی اپیل کی تھی چنانچہ عراق میں موجود پاکستانی سفارت خانے نے فوری طور پر ایئرپورٹ پر پھنسے ہوئے مسافروں کی وطن واپسی کے لیے اقدامات کیے۔

زائرین گزشتہ کئی روز سے ایئرپورٹ پر محصور تھے
زائرین گزشتہ کئی روز سے ایئرپورٹ پر محصور تھے

اس حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ سفارتخانے نے فوری طور پر مشکل کا شکار پاکستانیوں کو خوراک پانی اور ادویات فراہم کی اس کے ساتھ گروپ کے سربراہ سے بھی رابطہ کیا اور ان پر زائرین کی رہائش اور ٹکٹ کا انتظام کرنے کے لیے دباؤ ڈالا۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ عراق میں موجود پاکستانی سفارت خانہ ایئرپورٹ پر پھنسے ہوئے زائرین کی مسلسل دیکھ بھال کررہا تھا۔

بعد ازاں ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کر کے بتایا کہ عراق میں موجود پاکستانی سفارتخانہ تمام پھنسے ہوئے زائرین کو وطن واپس بھیجنے میں کامیاب ہوگیا ہے۔

مزید پڑھیں: ایران سے آنے والی زائرین کی بس میں آگ لگ گئی، 5 افراد زخمی

ترجمان نے زائرین کی وطن آمد کا خیر مقدم بھی کیا اور پاکستانی سفیر ساجد بلال اور سفارتی عملے کی محنت کو سراہا۔

ان کا کہنا تھا کہ مذکورہ ٹور آپریٹر کے خلاف کارروائی کی جائے گی جس کی ناقص کارکردگی کے باعث پاکستانیوں کو مشکلات پیش آئیں۔

تبصرے (0) بند ہیں