سری نگر: بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں قابض فوج کا ریاستی جبر جاری ہے اور حالیہ واقعے میں ضلع پلواما میں مزید 2 کشمیری جاں بحق ہوگئے۔

کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ کے مطابق بھارتی فوج نے ضلع کے علاقے ٹکن کا محاصرہ کیا اور سرچ آپریشن میں چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا۔

بھارتی فوج کے آپریشن سے 2 کشمیری نوجوانوں لیاقت احمد وانی اور واجد الاسلام جاں بحق ہوگئے۔

مزیدپڑھیں: بھارتی فوج مظالم سے کشمیروں کی جدوجہد نہیں دبا سکتی، ترجمان پاک فوج

علاوہ ازیں کشمیری نوجوانوں کی اموات پر ردعمل سے بچنے کے لیے قابض انتظامیہ نے ضلع میں انٹرنیٹ سروس معطل کردی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھارتی فوج نے اسی ضلع کے دار گانائی گنڈ کے علاقے میں ایک نوجوان کو جاں بحق کردیا تھا۔

دوسری جانب بارامولا ضلع کے علاقے چندوسہ میں ایک باغ سے ادھیڑ عمر شخص علی محمد وانی کی لاش برآمد ہوئی۔

خیال رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و ستم کا سلسلہ 71 برسوں سے جاری ہے، تاہم گزشتہ کچھ عرصے سے ان مظالم میں شدت آگئی ہے اور آئے روز کشمیری نوجوانوں کو قتل کیا جارہا ہے۔

گزشتہ دنوں 6 نومبر کو یوم شہدا کشمیر کے موقع پر بھی بھارتی فوج نے ضلع شوپیاں میں مزید 2 کشمیریوں کو قتل کردیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: مقبوضہ کشمیر: بھارتی فوج کے ریاستی جبر سے نوجوان جاں بحق

اس سے قبل 21 اکتوبر کو مقبوضہ کشمیر کے علاقے کلگام میں بھارتی فوج کی جانب سے سرچ آپریشن کیا گیا تھا جس کے نتیجے میں کم از کم 14 کشمیری جاں بحق ہوئے تھے۔

اس واقعے پر انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنشینل انڈیا (اے آئی آئی) کی جانب سے کلگام میں کشمیریوں کے قتل کے خلاف آزاد اور منصفانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

قبل ازیں 19 اکتوبر کو بھارتی فوج نے ضلع بارا مولا کے علاقے بونیار میں علاقے کا محاصرہ کیا تھا سرچ آپریشن کرتے ہوئے 4 کشمیری نوجوانوں کو قتل کردیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں