یونیورسٹی کے طلبہ اور’قدم قدم عشق‘

10 نومبر 2018
ڈرامے میں اریبا اور اظفر ایک دوسرے سے پیار کرتے نظر آئیں گے—اسکرین شاٹ
ڈرامے میں اریبا اور اظفر ایک دوسرے سے پیار کرتے نظر آئیں گے—اسکرین شاٹ

یوں تو پاکستانی ڈرامے کہانیوں اور خیالات میں اپنی مثال آپ ہیں، تاہم جلد ہی ایک منفرد کہانی پر مبنی ڈرامہ آن ایئر ہونے والا ہے۔

جی ہاں، ماڈل و اداکارہ اریبا حبیب اور اداکار اظفر رحمٰن جلد ریلیز ہونے والے ڈرامے ’قدم قدم عشق‘ میں یونیورسٹی کے طالب علم کے کرداروں میں نظر آئیں گے۔

’قدم قدم عشق‘ میں اپنے کردار اور ڈرامے کے حوالے سے ڈان امیجز سے بات کرتے ہوئے اداکارہ اریبا حبیب نے بتایا کہ وہ ’چاند‘ نامی نوجوان لڑکی کا کردار نبھاتی نظر آئیں گی۔

انہوں نے بتایا کہ وہ ڈرامے میں یونیورسٹی کی طالبہ کا کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی، جس کے والدین اس وقت چل بستے ہیں جب وہ کم عمر ہوتی ہیں۔

اریبا حبیب کے مطابق ڈرامے میں وہ اپنی بھائی اور بھابھی کی نظرداری میں پلتی اور بڑھتی نظر آئیں گی۔

انہوں نے ڈرامے میں اپنے کردار کو ماضی میں ادا کیے گئے اپنے تمام کرداروں سے مختلف قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’قدم قدم عشق‘ ناظرین کو بہت پسند آئے گا، کیوں کہ اس میں نہ صرف نوجوان اور یونیورسٹی کی زندگی کو دکھایا جائے گا، بلکہ اس میں اور بھی کئی منفرد خیالات پیش کیے جائیں گے۔

اریبا حبیب کے مطابق وہ ’قدم قدم عشق‘ میں ادا کیے جانے والے کردار سے بہت مختلف ہیں، تاہم انہیں یہ کردار اور ڈرامے کا خیال اچھا لگا۔

انہوں نے بتایا کہ ڈرامے میں ٹرائی اینگل پیار کو دکھایا جائے گا۔

انہوں نے اظفر رحمٰن کے کردار کے حوالے سے بتایا کہ وہ ان کے کلاس فیلو کا کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔

اریبا حبیب کا کہنا تھا کہ اظفر رحمٰن ڈرامے میں ایک بہت بڑے اور بااثر خاندان کے فرد کا کردار ادا کرتے نظر آئیں گے، جو اپنی کلاس فیلو یعنی ‘چاند’ پر فدا ہونے لگتا ہے۔

اریبا حبیب نے بتایا کہ ابتداء میں وہ اظفر رحمٰن سے دور رہنے کی کوشش کرتی ہیں، کیوں کہ بظاہر ان کی شخصیت ڈراؤنی ہوتی ہے۔

اپنے کردار کے حوالے سے اظفر رحمٰن نے بتایا کہ وہ ڈرامے میں جذباتی کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔

اظفر رحمٰن کا کہنا تھا کہ انہوں نے اس سے قبل اس طرح کا کردار ادا نہیں کیا۔

انہوں نے بھی امید ظاہر کی کہ ڈرامہ ناظرین کو بہت پسند آئے گا۔

’قدم قدم عشق‘ کی ہدایات کاشف سلیم نے دی ہیں اور اس کی کہانی عدیل حفیظ نے لکھی ہے۔

ڈرامے کی دیگر کاسٹ میں مائرہ خان اور علی خان سمیت دیگر اداکار شامل ہیں۔

اس ڈرامے کو آئندہ برس کے آغاز میں جنوری سے آن ایئر کیا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں