لائن آف کنٹرول (ایل او سی) میں آزاد کشمیر کے لیپا سیکٹر میں بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے ایک لڑکی سمیت 5 افراد شدید زخمی ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ایل اوسی کے لیپا اور باگسر سیکٹر میں بھارتی فوج نے بھاری ہتھیاروں سے فائرنگ کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج کی فائرنگ سے شدید زخمی ہونے والے افراد کی شناخت ظہیر، نصیر، منیر اور شوکت کے نام سے ہوئی جن کا تعلق بجیلدار اور بٹالیان سے ہے۔

بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کا واقعہ ایل او سی کے ساتھ بھمبر کے قریب باگسر سیکٹر میں بھی پیش آیا جہاں 20 سالہ تانیہ بی بی شدید زخمی ہوئیں۔

تانیہ بی بی کو گاؤں گوجراکھ میں نشانہ بنایا گیا۔

پاک فوج نے سرحد کی دوسری جانب سے کی گئی بلااشتعال فائرنگ کا موثر جواب دیتے ہوئے بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنایا۔

خیال رہے کہ بھارت کی جانب سے آزاد کشمیر میں ایل او سی سے ملحق علاقوں پر بلااشتعال فائرنگ کی جاتی ہے اور 2003 میں پاکستان اور بھارت کی افواج کے درمیان لائن آف کنٹرول پر ہونے والےجنگ بندی کے تاریخی معاہدے کی بھی خلاف وزری کی جاتی ہے۔

قبل ازیں 3 نومبر کو بھارتی فوج سے ایک خاتون جاں بحق ہوگئی تھیں۔

مزید پڑھیں:ایل او سی: بھارتی فوج کی فائرنگ سے خاتون جاں بحق

بھمبر کے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) ذوالقرنین سرفراز کا کہنا تھا کہ لوانا کھیتر گاؤں میں سرحد کے اس پار سے کی گئی فائرنگ سے 22 سالہ منزہ بی بی جاں بحق ہوگئیں جو دو بچوں کی ماں تھیں۔

آزاد جموں و کشمیر کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے سینئر عہدیدار سعید قریشی نے کہا کہ اس کے علاوہ رواں سال بھارتی اشتعال انگیزی سے 146 افراد زخمی بھی ہوئے۔

ان کا کہنا تھا کہ سرحد کے اس پار سے کی گئی فائرنگ سے رواں سال 29 گھر جزوی جبکہ 3 گھر اور ایک دوکان مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔

تبصرے (0) بند ہیں