دنیا کا طاقتور ترین پاسپورٹ کس ملک کا ہے؟

اپ ڈیٹ 11 نومبر 2018
پاکستان کا پاسپورت دنیا کا کمزور ترین پاسپورٹ تصور کیا جاتا ہے— فائل فوٹو
پاکستان کا پاسپورت دنیا کا کمزور ترین پاسپورٹ تصور کیا جاتا ہے— فائل فوٹو

کیا آپ جانتے ہیں دنیا کا طاقتور ترین پاسپورٹ کس ملک کا ہے؟ جی ہاں، وہ ملک جس کے شہری دنیا کے تقریباً تمام بڑے ملکوں تک رسائی کا حق رکھتے ہیں، اگر آپ کا جواب امریکا، برطانیہ یا چین ہے تو آپ بالکل غلط ہیں۔

حال ہی میں شائع نئی رپورٹ کے مطابق ہینلے پاسپورٹ انڈیکس کے مرتب کردہ اعدادو شمار کے تحت دنیا کا طاقتور ترین پاسپورٹ جاپان کے شہریوں کے پاس ہے۔

مزید پڑھیں: مسافر بچے کا دودھ ختم ہونے پر ایئرہوسٹس کی ممتا جاگ گئی

رواں ماہ کے اوائل میں جاپان کے شہریوں کو میانمار تک ویزا کے بغیر رسائی کا حق مل گیا جس کی بدولت ان کے شہری 190 ملکوں میں بغیر ویزا سفر یا ایئرپورٹ پہنچتے ہی ویزا حاصل کر سکتے ہیں۔

اس فہرست میں دوسرے نمبر پر سنگاپور ہے جس کے شہریوں کو 189 ملکوں میں یہ سہولت حاصل ہے جبکہ دنیا کا تیسرا طاقتور ترین پاسپورت جرمنی کا ہے جس کے شہری 188ملکوں میں بغیر ویزا سفر کرنے کے ساتھ ساتھ ایئرپورٹ پہنچتے ہی ویزا حاصل کر سکتے ہیں۔

ازبکستان نے گزشتہ ماہ 5 اکتوبر کو فرانس کے شہریوں کے ویزا پر عائد شرائط کو ختم کردیا تھا جس کے بعد اب فرانس اس فہرست میں چوتھے جبکہ پانچویں پوزیشن پر جنوبی کوریا موجود ہے۔

امریکا اور برطانیہ کے شہریوں کو 186ملکوں تک سفر کے دوران یہ سہولت میسر ہے جس کے بعد وہ پانچویں نمبر پر ہیں جہاں 2015 میں ان دونوں ملکوں کے شہریوں کا پاسپورٹ سب سے طاقتور تصور کیا جاتا تھا، تاہم حالیہ عرصے میں نئی حدود متعارف نہ ہونے کے سبب دونوں ممالک کی جانب سے دوبارہ جلد یہ اعزاز حاصل کرنا مشکل نظر آتا ہے۔

رواں سال ستمبر میں تائیوان نے روس کے شہریوں کو ویزا کی پابندی سے استثنیٰ دیا لیکن اس کے باوجود وہ درجہ بندی میں تنزلی کا شکار ہے اور فہرست میں 47ویں نمبر پر موجود ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پانچ سالہ بچے کی 15 صفحات کی ’سی وی‘

گزشتہ دہائی کے دوران سب سے زیادہ ترقی متحدہ عرب امارات نے کی ہے جو 2006 میں اس فہرست میں 62ویں نمبر پر موجود تھا لیکن اب اس کا 21واں نمبر پر ہے۔

سینٹ لوشیا اور میانمار تک رسائی ملنے کے باوجود حیران کن طور پر چین اس فہرست میں 71ویں نمبر پر موجود ہے، لیکن 2017 سے اب تک 14درجے ترقی بھی کی ہے۔

اس کے برعکس جن ملکوں کے شہریوں کو سب سے کم ملکوں میں مفت ویزا یا ایئرپورٹ پر ہی ویزا کی سہولت میسر ہے ان میں پہلے نمبر پر افغانستان اور عراق کے شہری شامل ہیں جن کو صرف 30 ملکوں میں یہ سہولت حاصل ہے، جبکہ صومالیہ اور شام کے پاسپورٹ کے حامل افراد صرف 32 ملکوں میں اس سہولت سے استفادہ کر سکتے ہیں۔

پاکستان کے پاسپورٹ کے حامل شہری بھی ان میں سے ایک ہیں جنہیں دنیا کے سب سے کم ملک میں یہ سہولت میسر ہے اور سب سے کمزور پاسپورٹ کی فہرست میں پاکستان پانچویں نمبر موجود ہے کیونکہ اسے صرف 33 ملکوں میں مفت ویزا یا ایئرپورٹ پر ویزا دستیاب ہوتا ہے۔

طاقتور ترین پاسپورٹ کی فہرست میں پاکستان 104ویں نمبر پر موجود ہے اور اس کے شہریوں کو دنیا کے 193مقامات تک رسائی کے لیے ویزا درکار ہوتا ہے۔

مزید پڑھیں: مشعل اوباما کا بیٹیوں کو آئی وی ایف کے ذریعے جنم دینے کا اعتراف

مضبوط ترین پاسپورٹ کی فہرست میں بھارت کا 81واں نمبر ہے جس کے شہری 60 ملکوں میں اس سہولت کو استعمال کر سکتے ہیں, جبکہ 43 مقامات کے ویزا تک رسائی کی بدولت اس کا فہرست میں 98واں نمبر ہے۔

ہینلے پاسپورٹ انڈیکس دراصل انٹرنیشنل ٹرانسپورت اتھارٹی کی جانب سے فراہم کردہ ڈیٹا کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنا انڈیکس تیار کرتا ہے جو 199 پاسپورت اور 227 مقامات کا احاطہ کرتا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں