نئی دہلی سے قندھار جانے والی افغان ایئر لائن میں پائلٹ سے انجانے میں 'ہائی جیک' کا بٹن دبنے سے ہنگامہ برپا ہوگیا۔

ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق دہلی ایئرپورٹ حکام نے بتایا کہ 'اریانہ' ایئر لائن کا مسافر بردار طیارہ پرواز کے لیے رن وے پر تھا جب پائلٹ سے غلطی سے ہائی جیک کا بٹن دب گیا۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا: طیارے کے مکینک نے مسافر طیارہ اغوا کرلیا

میڈیا رپورٹس کے مطابق کنٹرول روم میں ہائی جیک کا الارم بجتے ہی بھارتی سیکیورٹی فورسز کی دوڑیں لگ گئیں اور مسافروں میں کھلبلی مچ گئی۔

اس حوالے سے بتایا گیا کہ طیارے میں 124 مسافر اور عملے کے 9 اراکین سوار تھے، تاہم مقررہ وقت سے 2 گھنٹے کے بعد ایئر لائن کو پرواز کی اجازت دی گئی۔

ہائی جیک کا بٹن دبتے ہی بھارت کی خصوصی فورس یونٹ نیشنل سیکیورٹی گارڈ (این ایس جی) سمیت دیگر ایجنسیاں متحرک ہو گئیں اور طیارے کے گرد گھیرا ڈال دیا۔

مزید پڑھیں: 32 سال قبل طیارہ اغوا کی کوشش کرنے والے اغوا کاروں کی تلاش کا دوبارہ آغاز

بیورو آف سول ایوی ایشن سیکیورٹی (بی سی اے ایس) کے اعلیٰ حکام نے بتایا کہ جب تسلی ہو گئی کہ پائلٹ سے ہائی جیک کا بٹن غلطی سے دبا تھا تو طیارے کو پرواز کی اجازت دی گئی۔

حکام نے مزید بتایا کہ واقعے کے بعد تمام مسافروں کے سامان کو دوبارہ کلیئرنس کے مراحل سے گزارا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: مصری طیارہ ہائی جیک کرنے والا شخص گرفتار

افغان پائلٹ روکائی نیمی نے تحریری نوٹ میں واضح کیا کہ ’آج دہلی میں ہمارے عملے نے آگاہ کیا کہ ہوائی جہاز کو اغوا کیے جانے کا امکان ہے‘۔

پائلٹ نے متن میں کہا کہ ’کاک پٹ میں، میں نے اپنے فرسٹ افسر کو بتایا کہ اگر ہائی جیکنگ کا واقعہ پیش آتا ہے تو بس یہ والی کوڈنگ کرنی ہے اور کچھ دیر میں ایئر پورٹ کی اے ٹی سی نے ہوائی جہاز کو گھیرے میں لے لیا، تب تک بہت دیر ہو چکی تھی‘۔

تبصرے (0) بند ہیں