ملازمتیں پیدا کرنے کے لیے حکومت کی غیرملکی سرمایہ کاری لانے کی کوشش

اپ ڈیٹ 11 نومبر 2018
وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر — فائل فوٹو، اے پی پی
وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر — فائل فوٹو، اے پی پی

کراچی: وفاقی وزیرِ خزانہ اسد عمر کا کہنا ہے کہ ان کی حکومت پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو متوجہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے جس سے ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے۔

اوورسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (او آئی سی سی آئی) کے اجلاس کے دوران بات کرتے ہوئے وزیرِ خزانہ نے کہا کہ ان کی حکومت برآمدات میں اضافے سے متعلق قلیل مدتی اور درمیانی مدت کی سرمایہ کاری کی جانب بڑھ رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام کی وجہ سے ملکی معیشت کی حالت بہتر ہوگی اور نوجوانوں کے لیے ملازمتوں کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

مزید پڑھیں: اسد عمر کیلئے یاد رکھنے کا سبق کیونکہ اب غلطی کی کوئی گنجائش نہیں

انہوں نے تصدیق کی کہ حکومت اب ادائیگیوں کے توازن کے بحران سے آگے آچکی ہے، اور اس وقت بحالی کے راستے پر گامزن ہے۔

وفاقی وزیرِ خزانہ کا مزید کہنا تھا کہ ملک کی نظر ثانی شدہ اقتصادی حکمت عملی کے ثمرات آئندہ 6 ماہ میں نظر آنے لگ جائیں گے۔

انہوں نے سرکاری کمپنیوں کی بحالی کے لیے ایک ماڈل کمپنی بنانے سے متعلق بھی وضاحت پیش کی۔

یہ بھی پڑھیں: اسد عمر اداروں کی عالمی ماہرین کو مطمئن کرنے میں ناکامی پر برہمی

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ حکومت بہت جلد پرائیویٹ سیکٹر سے بھی پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبے سے فائدہ اٹھانے کے لیے رابطے کرے گی۔

انہوں نے او آئی سی سی آئی کے اراکین کو اپنے خطاب کے دوران یقین دہانی کروائی کہ حکومت رواں مالی سال کے دوران ٹیکس ری فنڈ، بڑھتے ہوئے گردشی قرضوں اور ترسیلاتِ زر سے متعلق تاجروں کے خدشات کو دور کرنے کے لیے اقدامات کرے گی۔

اس موقع پر او آئی سی سی آئی کے صدر عرفان وہاب خان کا کہنا تھا کہ چیمبر بہت جلد او آئی سی سی آئی ڈیجیٹل پاکستان کی جامع تجاویز حکومت کے ساتھ شیئر کرے گی تاکہ ملک کو ڈیجیٹل دور میں لے جایا جاسکے۔


یہ خبر 11 نومبر 2018 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں