سشمیتا سین نے کم عمر اداکار سے شادی پر خاموشی توڑ دی

اپ ڈیٹ 13 نومبر 2018
ماضی میں سشمیتا سین اور وسیم اکرم کے تعلقات کی خبریں بھی تھیں—فائل فوٹو: کچھ
ماضی میں سشمیتا سین اور وسیم اکرم کے تعلقات کی خبریں بھی تھیں—فائل فوٹو: کچھ

گزشتہ ماہ سے بھارتی میڈیا میں یہ خبریں گردش کر رہی تھیں کہ اداکارہ اور سابق مس انڈیا اور مس یونیورس 42 سالہ سشمیتا سین نے خود سے 15 سال کم عمر ماڈل سے تعلقات استوار کرلیے۔

اطلاعات تھیں کہ سشمیتا سین نے 27 سالہ نوجوان ماڈل روہمن شال سے تعلقات استوار کرلیے ہیں، جن کے ساتھ اداکارہ نے انسٹاگرام پر تصاویر بھی شیئر کیں۔

ساتھ ہی اداکارہ اور ماڈل کو متعدد بار ایک ساتھ دیکھا گیا۔

گزشتہ ہفتے اداکارہ نے روہمن شال اور بیٹیوں کے ہمراہ ایک تصویر بھی انسٹاگرام پر شیئر کی تھی، جس کے بعد دونوں کی شادی کی خبریں سامنے آئیں۔

2 دن قبل ہی بھارتی میڈیا نے سشمیتا سین کے قریبی شخص کے حوالے سے خبر شائع کی کہ سشمیتا سین اور روہمن شال آئندہ برس تک شادی کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

اداکارہ نے گزشتہ ہفتے بھی روہمن کے ساتھ رومانوی تصویر شیئر کی تھی—فوٹو: سشمیتا سین انسٹاگرام
اداکارہ نے گزشتہ ہفتے بھی روہمن کے ساتھ رومانوی تصویر شیئر کی تھی—فوٹو: سشمیتا سین انسٹاگرام

تاہم اب اداکارہ نے بھی خود سے کم عمر ماڈل سے پیار اور شادی سے متعلق خاموشی توڑ دی ہے۔

اداکارہ نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں واضح کیا کہ اس وقت ان کے اور ماڈل کے درمیان رومانوی تعلقات قائم ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سشمیتا سین کے خود سے 15 سال کم عمر ماڈل سے تعلقات؟

اداکارہ کی جانب سے شیئر کی گئی پوسٹ کے ساتھ ایک ویڈیو بھی شیئر کی گئی، جس میں انہیں فٹنیس کی ایکسرسائیز کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ سشمیتا سین نے اپنی ایکسرسائیز کی ویڈیو شیئر کی ہو، اس سے قبل بھی وہ ایسی ویڈیوز اور تصاویر شیئر کرتی رہتی ہیں۔

ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے انہوں نے روہمن شال سے اپنی شادی سے متعلق وائرل ہونے والی خبروں اور ان سے محبت کے حوالے سے بھی بات کی۔

سشمیتا سین نے کیپشن میں لکھا کہ انہیں اپنی اور روہمن شال کی شادی سے متعلق خبروں کا پتہ چلا، جن میں کوئی صداقت نہیں۔

سشمیتا سین نے واضح کیا کہ وہ فوری طور پر شادی کا ارادہ نہیں رکھتیں، ان کی شادی سے متعلق وائرل ہونے والی خبریں بے بنیاد ہیں۔

اداکارہ اب تک 40 کے قریب فلموں میں کام کر چکی ہیں—فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ اب تک 40 کے قریب فلموں میں کام کر چکی ہیں—فوٹو: انسٹاگرام

تاہم انہوں نے اپنی پوسٹ میں خود سے 15 سال کم عمر ماڈل سے تعلقات کی تصدیق کی اور کہا کہ وہ ان دنوں روہمن کے ساتھ رومانوی تعلقات میں ہیں۔

اداکارہ نے اگرچہ ماڈل سے تعلقات کا اعتراف کیا اور فوری شادی کی خبروں کو مسترد کیا، تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ وہ مستقبل میں کب تک شادی کا ارادہ رکھتی ہیں۔

مزید پڑھیں: سشمیتا سین خود سے 15 سال کم عمر شخص سے شادی کرنے کو تیار

خیال رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ 42 سالہ سشمیتاسین نے خود سے کم عمر ماڈل سے تعلقات استوار کیے ہوں، وہ ماضی میں بھی خود سے کم عمر اداکاروں اور کاروباری شخصیات کے ساتھ تعلقات استوار کر چکی ہیں۔

ماضی میں سشمیتا سین کی محبتوں کے چرچے ہوتے رہے ہیں، ان کا نام پاکستانی کرکٹر وسیم اکرم سمیت فلم ڈائریکٹر وکرم بھٹ اوراداکار رندیپ ہودا سمیت متعدد کاروباری شخصیات کے ساتھ جوڑا جاتا رہا ہے۔

روہمن شال سے اداکارہ کے تعلقات 2 ماہ قبل ہی استوار ہوئے ہیں—فوٹو: مڈ ڈے
روہمن شال سے اداکارہ کے تعلقات 2 ماہ قبل ہی استوار ہوئے ہیں—فوٹو: مڈ ڈے

سشمیتا سین نے اگرچہ شادی نہیں کی، تاہم انہوں نے 2 بچوں کو گود لے رکھا ہے، انہوں نے سب سے پہلے 2000 میں ایک بچی اور بعد ازاں 2010 میں دوسری بچی کو گود لیا۔

سشمیتا سین نے 1996 میں فلم ’دستک’ سے کیریئر کا آغاز کیا، اب تک وہ 40 کے قریب فلموں میں نظر آ چکی ہیں۔

انہوں نے اپنی اداکاری کی بناء پر فلم فیئر، آئیفا، اسٹار اسکرین اور زی سائنے سمیت متعدد ایوارڈ اپنے نام کیے ہیں۔

سشمیتا سین نے 1994 میں مس انڈیا کا اعزاز اپنے نام کیا تھا، جس کے بعد وہ اسی برس مس یونیورس بھی منتخب ہوئی تھیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں