لکھنؤ: بھارت کی ریاست اتر پردیش کے ضلع بلند شاہر میں اپنی اہلیہ کے لیے 'منی تاج محل' بنانے والے فیض الحسن قادری ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہوگئے۔

این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق حادثے میں فیض الحسن قادری شدید زخمی ہوئے تھے، جنہیں ہسپتال میں طبی سہولیات فراہم کی جارہی تھیں کہ وہ دم توڑ گئے۔

83 سالہ فیض الحسن قادری جو کہ پیشے سے ڈاکیا تھے، نے اپنی مرحوم اہلیہ تاجا مولی بی بی کی یاد میں 2012 میں منی تاج محل بنانے کا کام شروع کیا تھا جبکہ جوڑے کی شادی 1953 میں ہوئی تھی۔

فیض الحسن قادری — فوٹو بشکریہ این ڈی ٹی وی
فیض الحسن قادری — فوٹو بشکریہ این ڈی ٹی وی

انہوں نے اپنی تمام جمع پونجی منی تاج محل کی بنیادی تعمیر میں لگادی تھی، منی تاج محل کی تعمیر سے متعلق خبر منظر عام پر آنے کے بعد ریاست کے وزیراعلیٰ نے فیض الحسن قادری کو لکھنؤ بلایا اور انہیں محل کی تعمیرات مکمل کرنے کے لیے رقم فراہم کرنے کی پیشکش کی۔

جس پر فیض الحسن قادری نے ان کی پیشکش ٹھکرا دی اور وزیراعلیٰ سے ان کے گاؤں کے قریب لڑکیوں کا کالج تعمیر کرنے کے لیے کہا تھا۔

مذکورہ کالج کے لیے فیض الحسن قادری نے اپنی کچھ اراضی فراہم کی جو آج علاقے کی لڑکیوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کررہا ہے۔

سابق ڈاکیا نے محل کی تنزین و آرائش اور ماربل استعمال کرنے کے لیے 2 لاکھ روپے محفوظ کیے تھے تاہم وہ یہ خواب پورا نہ کرسکے۔

— فوٹو بشکریہ این ڈی ٹی وی
— فوٹو بشکریہ این ڈی ٹی وی

ان کے اہل خانہ بالکل اسی طرح ان کی لاش کو ان کے اہلیہ کے ساتھ دفنانے کا منصوبہ بنا رہے ہیں جیسا کہ مغل بادشاہ شاہ جہان کی لاش کو ان کی اہلیہ ممتاز کے ساتھ دفن کیا گیا تھا۔

اہل خانہ نے منی تاج محل کو مکمل کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے تاہم انہوں نے فیض الحسن کی لاش کا پوسٹ مارٹم کرنے کی اجازت نہیں دی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

MUHAMMED ASIM RAO Nov 12, 2018 10:16am
True love