جنگ عظیم اول کی صدسالہ تقریب، ’ماضی کے سبق کو بھولنا نہیں چاہیے‘

11 نومبر 2018
پیرس میں پہلی جنگ عظیم کے 100 سال مکمل ہونے پر یادگاری تقریب منعقد ہوئی — فوٹو: اے ایف پی
پیرس میں پہلی جنگ عظیم کے 100 سال مکمل ہونے پر یادگاری تقریب منعقد ہوئی — فوٹو: اے ایف پی

پیرس میں جنگ عظیم اول کی صد سالہ یادگاری تقریب کے انعقاد میں 70 ممالک کے سربراہان اور رہنماؤں نے شرکت کی۔

فرانسیسی خبررساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق فرانس کے دارالحکومت میں مقامی وقت کے مطابق صبح 11 بجے امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور روس کے صدر ولادیمر پیوٹن سمیت 70 عالمی رہنما جمع ہوئے جہاں 1918 جنگی بندی کا معاہدہ ہوا تھا۔

فرانس میں چرچ کی گھنٹی بجنے کے بعد تقریب میں شریک رہنماؤں نے آرک دی ٹرائیومف پر نامعلوم سپاہی کے مقبرے کی طرف رخ کیا جہاں کلاسک موسیقی اور جنگ عظیم اول کے سپاہیوں کے یادگاری خطوط پڑھے گئے۔

مزید پڑھیں : فرانسیسی صدر کی 'یورپی آرمی' بنانے کی تجویز توہین آمیز ہے، ڈونلڈ ٹرمپ

اس موقع پر فرانس کے صدر ایمانوئیل میکرون نے 20 منٹ کے دورانیے پر مشتمل تقریر کی جس میں انہوں نے کہا کہ ’ہمیں ماضی کے سبق کو بھولنا نہیں چاہیے اور دنیا بھر میں امن قائم کرنے کی کوشش کرنی چاہیے‘۔

ایمانوئیل میکرون نے کہا کہ ’قیام امن کی امید کو ختم کرکے تشدد اور تسلط قائم کی کوشش ایک غلطی ہوگی جس کے لیے آئندہ نسلیں ہمیں ذمہ دار ٹھہرائیں گی‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’ہمیں ایک دوسرے سے خوف کا کھیل کھیلنے کے بجائے اپنی امیدوں کو پورا کرنا چاہیے‘۔

واضح رہے کہ مغربی ممالک میں 11نومبر 1918 کو صبح 11 بجے جنگ کے اختتام کا سگنل دیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں : جاپان: اسکول سے جنگ عظیم دوم کا فوجی سامان برآمد

نیوزی لینڈ، آسٹریلیا، بھارت ، ہانک کانگ اور میانمار سمیت دنیا بھر میں سالانہ یادگاری تقاریب کا انعقاد کیا جاتا ہے۔

کامن ویلتھ ممالک کے رہنماؤں نے دنیا بھر میں امن قائم کرنے کا پیغام دیا، 100 برس قبل برطانوی راج کے تحت مذکورہ ممالک کی افواج نے جنگ میں حصہ لیا تھا۔

بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی نے ٹویٹ کیا کہ ’ یہ وہ جنگ تھی جس میں براہ راست بھارت شریک نہیں تھا لیکن ہمارے سپاہی نے امن کی خاطر یہ جنگ لڑی‘۔

مزید پڑھیں : 'جنگ عظیم دوئم کے بعد بدترین انسانی بحران کا سامنا'

آسٹریلیا کے وزیراعظم اسکاٹ موریسون نے تقریب میں کہا کہ ’ہمارے مستقبل کے لیے انہوں نے اپنا آج قربان کیا‘۔

برطانوی وزیراعظم تھریسامے اور پرنس چارلس نے ملکہ الزبتھ کے ہمراہ لندن میں ایک علیحدہ یادگاری تقریب میں شرکت کی جہاں ہزاروں افراد نے جنگ عظیم میں شریک سپاہیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

جرمن چانسلر انجیلا مرکل کا کہنا تھا کہ ’یہ دن صرف یاد کرنے کے لیے نہیں بلکہ اس میں عمل کرنے کا عنصر بھی شامل ہونا چاہیے‘۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں