بھارتی کرکٹ ٹیم نے 3 میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے آخری میچ میں ویسٹ انڈیز کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 3-0 سے جیت لی۔

چنئی میں کھیلے گئے سیریز کے آخری میچ میں مہمان ٹیم ویسٹ انڈیز کے کپتان دنیش رامدین نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور اسکور بورڈ پر ایک معقول مجموعہ ترتیب دیا۔

شے ہوپ اور ہیٹمیئر نے 51 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا جس کو ڈیرن براوو اور نیکولس پوران نے آگے بڑھایا۔

ویسٹ انڈیز کی پہلی وکٹ شے ہوپ کی صورت گری تھی جنہوں نے 24 رنز بنائے اور ہیٹمیئر نے 26 رنز بنائے جس کے بعد کپتان رامدین 94 کے اسکور پر 15 رنز کا اضافہ کرکے پویلین لوٹے۔

براوو اور پوران نے مقررہ 20 اوورز تک کھیل جاری رکھا اور ٹیم کا مجموعہ 181 رنز پہنچا دیا اور بالترتیب 43 اور 53 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

بھارت کے باؤلر چاہل نے 2 اور واشنگٹن سندر نے ایک وکٹ حاصل کی۔

بھارت کو ہدف کے تعاقب میں 13 رنز پر روہت شرما کی وکٹ سے ہاتھ دھونا پڑا وہ صرف 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد راہول نے 17 رنز بنا کر شیکھر دھون کا 45 رنز تک ساتھ دیا تاہم تھامس نے ان کو آؤٹ کردیا۔

شیکھر دھون اور رشبھ پینٹ نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 130 رنز کا اضافہ کیا، پینٹ 58 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور شیکھر دھون 62 گیندوں پر 92 رنز بنا کر میچ کے اختتام سے محض ایک گیند قبل آؤٹ ہوئے۔

بھارت نے آخری گیند پر ایک رنز حاصل کر کے یہ معرکہ اپنے نام کیا، کپتان کارتک صفر اور پانڈے 4 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔ بھارت نے 6 وکٹوں سے یہ میچ جیت کر سیریز بھی 3-0 سے اپنے نام کرلی۔

شیکھر دھون کو شاندار 92 رنز کی اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

تبصرے (0) بند ہیں