’آج کل ہر کوئی خود کو فلمی تجزیہ کار سمجھنے لگا ہے‘

12 نومبر 2018
سنیل شیٹھی نے عامر خان کے حق میں بات کی —فوٹو/ اسکرین شاٹ
سنیل شیٹھی نے عامر خان کے حق میں بات کی —فوٹو/ اسکرین شاٹ

بولی وڈ اداکار سنیل شیٹھی نے گزشتہ ہفتے ریلیز ہوئی فلم ’ٹھگس آف ہندوستان‘ کو ملنے والے منفی ریویوز پر اپنی مایوسی کا اظہار کردیا۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے سنیل شیٹھی نے کہا کہ آج کل ہر کوئی خود کو فلموں کا تجزیہ کار سمجھنے لگا ہے۔

اداکار کا کہنا تھا کہ ’مجھے کافی مایوسی ہوئی کہ فلم کو اتنی زیادہ تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، کیوں کہ میرے کئی دوستوں نے ٹھگس آف ہندوستان سینما میں دیکھی اور انہیں فلم بےحد پسند آئی، یہ پیسا وصول فلم ہے کیوں کہ اسے بہت بڑے اسکیل پر تیار کیا گیا ہے‘۔

مزید پڑھیں: منفی ریویوز کے باوجود’ٹھگس آف ہندوستان‘ نے سب سے بڑا ریکارڈ توڑدیا

یاد رہے کہ فلم ’ٹھگس آف ہندوستان رواں ماہ 8 تاریخ کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی گئی۔

اس فلم میں عامر خان اور امیتابھ بچن پہلی مرتبہ ایک ساتھ کام کرتے نظر آئے۔

جبکہ فلم میں فاطمہ ثنا شیخ اور کترینہ کیف نے بھی اہم کردار ادا کیا۔

فلم نے اپنی ریلیز کے پہلے روز باکس آفس پر کمائی تو اچھی کی، البتہ اسے تجزیہ کاروں کے منفی ریویوز اور ناظرین کی شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔

یہ بھی پڑھیں: کم کمائی کرتے کرتے بھی ٹھگس آف ہندوستان نے 3 دن میں 100 کروڑ کمالیے

57 سالہ سنیل شیٹھی نے اس حوالے سے مزید کہا کہ ’ہم کبھی کبھار ایک فلم سے بہت سی توقعات وابستہ کرلیتے ہیں اور آج کل ہر کوئی خود کو فلمی تجزیہ کار سمجھنے لگا ہے جسے ایسا لگتا ہے کہ وہ انٹرٹینمنٹ کے بارے میں سب کچھ جانتا ہے، لیکن مجھے ایسا لگتا ہے کہ ہمیں ہر فلم کو اتنا موقع تو دینا چاہیے کہ وہ سکون سے ریلیز ہوسکے اور پھر ناظرین اسے دیکھ کر خود اپنی رائے دیں، ہمیں اس پر اتنی بھی تنقید نہیں کرنی چاہیے کہ اسے سینما گھرں سے ہٹا دیا جائے‘۔

خیال رہے کہ فلم ’ٹھگس آف ہندوستان‘ سے شائقین کو امیدیں تو کئی وابستہ تھیں تاہم وہ فلم سے خوش نہیں، اس کے باوجود فلم اب تک 100 کروڑ ہندوستانی روپے کمانے میں کامیاب ہوچکی ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں