گوادر: ایرانی بارڈر گارڈز نے غیر قانونی طور پر سرحد عبور کرنے والوں پر فائرنگ کردی جس سے 2 پاکستانی شہری جاں بحق جبکہ 4 زخمی ہوگئے۔

پاکستانی شہریوں نے غیر قانونی طور پر بلوچستان کے ضلع پنجگور کے علاقے سے پاک ایران سرحد عبور کرنے کی کوشش کی تھی۔

مزید پڑھیں: پاکستان کا لاپتہ ایرانی محافظوں کو ڈھونڈنے میں مدد کرنے کا اعلان

لیویز حکام کے مطابق 7 افراد پر مشتمل ایک پک اپ نے سرحد عبور کرنے کی کوشش کی تو ایرانی سرحدی فورسز نے ان پر فائرنگ کردی۔

خیال رہے کہ گاڑی پر بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے افراد سوار تھے۔

حکام نے بتایا کہ ایرانی فورسز کی فائرنگ سے 2 افراد ہلاک جبکہ 4 زخمی ہوئے، تاہم گاڑی میں موجود ڈرائیور محفوظ رہا۔

یہ بھی پڑھیں: ایران کا پاکستانی سرحد کے قریب 4 دہشت گرد ہلاک کرنے کا دعویٰ

فائرنگ سے جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کو علاج کے لیے ضلعی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ تمام افراد بغیر قانونی دستاویز کے سرحد عبور کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔

جاں بحق افراد کی شناخت عبداللہ اور نواز کے نام سے ہوئی جو بلوچستان کے ضلع کیچ اور خیبرپختونخوا کے علاقے مہمند سے تعلق رکھتے تھے۔


یہ خبر 12 نومبر 2018 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں