’ہمیں احتساب کا ڈر نہیں، یہ برابری کی بنیاد پر ہونا چاہیے‘

12 نومبر 2018
سابق گورنر سندھ محمد زبیر — فائل فوٹو
سابق گورنر سندھ محمد زبیر — فائل فوٹو

کراچی: سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ ہمیں احتساب کا ڈر نہیں ہے، لیکن یہ احتساب برابری کی بنیاد پر سب کا ہونا چاہیے۔

صوبائی دارالحکومت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محمد زبیر نے پی ٹی آئی حکومت کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ یہ حکومت مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام لوگوں کا برابر احتساب ہونا چاہیے، یہ صرف عمران خان کی خواہش پر نہیں ہونا چاہیے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیرِ اعظم عمران خان اور ان کے وزرا کو چاہیے کہ وہ پہلے وہ کام کریں جن کا انہوں نے الیکشن سے قبل قوم سے وعدہ کیا تھا جس کا ہم سب کو انتظار ہے۔

مزید پڑھیں: گورنر سندھ محمد زبیر نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا

سابق گورنر سندھ نے کہا کہ ہم سب کے لیے یہ لمحہ فکریہ ہے کہ تحریک انصاف کی رکنِ اسمبلی نے ایوانِ زیریں میں تقریر کرتے ہوئے یہ تجویز دی کہ پاکستان کو چاہیے کہ وہ اسرائیل کو تسلیم کر لے۔

اپنی گفتگو کو جاری رکھتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’پاکستان کی تاریخ میں کبھی ایسا نہیں ہوا لیکن رکنِ اسمبلی بہت آسانی کے ساتھ یہ الفاظ کہتے ہوئے چلی گئیں‘۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’ہم نے کچھ عرصے قبل یہ کہا بھی تھا کہ یہ (اسرائیل سے متعلق معاملات) عمران خان کے ایجنڈے کا حصہ ہے، لیکن عوام نے ان خدشات کو مسترد کردیا تھا تاہم آج ان کی رکنِ اسمبلی نے ہی وہ بات کہہ دی‘۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزیرِ اعظم یا ان کے وزرا خاتون ایم این کے بیان کی وضاحت کریں جبکہ وہ اپنی حکومت کے ایجنڈے کی بھی وضاحت کریں۔

یہ بھی پڑھیں: 'اللہ کا شکر ہے ملک بحران سے نکل گیا ہے'

ایک سوال کے جواب میں محمد زبیر کا کہنا تھا کہ ہم کہتے ہیں کہ انصاف کے تقاضے ایک جیسے ہونے چاہیے ہیں، جس طرح شہباز شریف کو گرفتار کیا گیا ہے اس سے بھی آگے علیم خان، پرویز خٹک، بابر اعوان اور علیمہ خان کا کیس ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر غلط رپورٹنگ پر شہباز شریف کو گرفتار کیا جارہا ہے تو پھر علیمہ خان کو گرفتار کرنے کی ہمت کیوں نہیں جارہی، اگر عمران خان نے پاکستان کو پاک صاف کرنے کا بیڑا ہی اٹھایا ہے تو اپنے ارد گرد لوگوں کا صفایا کریں۔

سابق گورنر سندھ نے ماضی میں عمران خان کی تقریر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے چوہدری پرویز الٰہی کو پنجاب کا سب سے بڑا چور اور ڈاکو کہا لیکن انہوں نے اس ہی شخص کو پنجاب کی اعلیٰ نشست بھی دے دی۔

مزید پڑھیں: ’7سو ارب روپے کی منی لانڈرنگ کا سراغ لگالیا، جو ایک چھوٹا حصہ ہے‘

جب ان سے ان کی جماعت کے آئندہ کے لائحہ عمل کے بارے میں سوال کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ ہم تحریک انصاف اور عمران خان کی طرح دھرنوں اور جلاؤ گھیراؤ کی سیاست نہیں کرنا چاہتے، کیونکہ ہم چاہتے ہیں کہ پارلیمنٹ اور جمہوریت چلتی رہے۔

انہوں نے کہا کہ ’ہم نے کبھی چور اور ڈاکو کی زبان استعمال نہیں کی تھی، لیکن مجبوری میں آج یہ زبان استعمال کرتے ہوئے کہتا ہوں کہ عمران خان کے آس پاس ہی ایسے لوگ موجود ہیں جو کرپٹ اور چور ہیں‘۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان نے قوم کو سہانے خواب دکھائے تھے لیکن ان کی حکومت آنے کے بعد پوری قوم مہنگائی دیکھ سکتی ہے، جب وہ پیٹرول پر ٹیکس کی بات کرتے تھے تو آج حکومت میں آنے کے بعد وہ ٹیکس ختم کیوں نہیں کرتے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں