پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری مین لو ٹرائنگل پر مبنی ایک اور ڈرامہ ’اسیر محبت‘ جلد بننے جارہا ہے جس میں اداکارہ حرا مانی اور اداکار افان وحید کام کرنے جارہے ہیں۔

اس ڈرامے کی پروڈکشن نیکسٹ لیول انٹرٹینمنٹ کررہی ہے، جس کی کہانی ثروت نزیر نے تحریر کی جبکہ ہدایات وجاہت حسین نے دی۔

اس ڈرامے کے حوالے سے حرا مانی کا ڈان سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ’میں اس ڈرامے میں گیتی نامی لڑکی کا کردار ادا کررہی ہوں، جو کافی سمجھدار ہونے کے ساتھ ساتھ اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ اس کی محبت خود اسے مل جائے گی‘۔

اداکارہ نے اس ڈرامے کی ٹیم کی تعریف بھی کی جبکہ ڈائیریکٹر کے کام کو بھی خوب سراہا۔

مزید پڑھیں: ’مانی سے شادی کرنے کیلئے سابق منگیتر کو 8 ماہ تک دھوکہ دیا‘

ان کا کہنا تھا کہ ’وجاہت حسین ایک بہترین ہدایت کار ہیں، میں کئی ہدایت کاروں کے ساتھ کام کرچکی ہوں اور بہت سے مختلف کردار بھی ادا کرچکی ہوں، لیکن یہ کردار میرا سب سے پسندیدہ ہے، وجاہت نے اس کردار کی باریکیوں پر کام کیا ہے جس سے یہ کردار یادگار بن جائے گا‘۔

ڈرامے کی کہانی کے حوالے سے حرا نے کہا کہ ’ہر کردار کو اس ڈرامے میں اہمیت دی گئی ہے، گیتی کا کردار بھی ناظرین کو بےحد پسند آئے گا‘۔

ساتھی اداکار افان وحید کا کہنا تھا کہ ’میں نے آج تک اپنے پروجیکٹس کے بارے میں یہ نہیں کہا کہ یہ مختلف ہوتے ہیں اور نہ ہی میرا یہ پروجیکٹ مختلف ہے، لیکن اس کا رومانس مختلف انداز میں تحریر کیا گیا ہے، اس ڈرامے کے نام سے ہی اندازہ ہوتا ہے کہ اس کی کہانی کتنی سنجیدہ ہوگی‘۔

’اسیر محبت‘ میں ہارون شاہد، سیمی پاشا، زی کیو، محمود اسلم، سلمیٰ حسن اور نور الحسن بھی کام کرتے نظر آئیں گے۔

یہ ڈرامہ رواں ماہ اے آر وائے چینل پر لانچ ہوگا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں