’وہ دونوں ناکام فلمیں کرچکے ہیں جبکہ میری ایک بھی نہیں ہے‘

13 نومبر 2018
ورن دھون نے ساتھی اداکار رنویر سنگھ اور رنبیر کپور پر تنقید کردی —فوٹو/ اسکرین شاٹ
ورن دھون نے ساتھی اداکار رنویر سنگھ اور رنبیر کپور پر تنقید کردی —فوٹو/ اسکرین شاٹ

بولی وڈ اداکار ورن دھون، رنویر سنگھ اور رنبیر کپور ان سب ہی نے انڈسٹری میں اپنے کیریئر کی شروعات آگے پیچھے کی ہے۔

36 سالہ رنبیر کپور نے 2007 کی فلم ’سانوریا‘ کے ساتھ بولی وڈ میں ڈیبیو کیا۔

33 سالہ رنویر سنگھ 2010 کی فلم ’بینڈ باجا بارات‘ کے ساتھ سامنے آئے، جبکہ 31 سالہ ورن دھون نے ان دونوں اداکاروں کے بعد 2012 کی فلم ’اسٹوڈنٹ آف دی ایئر‘ کے ساتھ بولی وڈ میں قدم رکھا۔

یہ تینوں ایک دوسرے کے اچھے دوست بھی مانے جاتے ہیں، لیکن ورن دھون کے ان دونوں اداکاروں کے متعلق دیے حالیہ بیان کو دیکھ کر ایسا محسوس ہورہا ہے رنبیر اور رنویر ان سے ناراض ہوسکتے ہیں۔

دراصل حال ہی میں ورن دھون نامور شو کافی ود کرن میں اداکارہ کترینہ کیف کے ہمراہ جلوہ گر ہوئے۔

اس دوران کرن جوہر نے ورن دھون سے سوال کیا کہ اگر انہیں رنبیر کپور اور رنویر سنگھ میں سے کسی ایک کا کیریئر اپنانا پڑے تو وہ کس کے کیریئر کا انتخاب کریں گے؟

اس پر ورن دھون نے اپنے جواب میں کہا کہ وہ ان دونوں میں سے کسی کے کیریئر کا انتخاب نہیں کریں گے، جبکہ انہوں نے اس کی وجہ نہیں بتائی۔

مزید پڑھیں: میں بھی شادی کرنے جارہا ہوں، ورن دھون

البتہ ساتھی اداکارہ کترینہ کیف کے زور دینے پر ورن دھون نے کہا کہ ’وہ دونوں ہی ناکام فلموں کا حصہ رہ چکے ہیں جبکہ میری کوئی فلم فلاپ نہیں ہوئی، اس لیے میں ان دونوں کے کیریئر کا انتخاب نہیں کروں گا‘۔

یاد رہے کہ ورن دھون کے علاوہ بولی وڈ میں ایسا کوئی اداکار موجود نہیں جو اپنے کیریئر میں کسی فلاپ فلم کا حصہ بنہ بنا ہو۔

ورن دھون کامیڈی، سنجیدہ اور رومانوی ہر طرح کی فلموں کا حصہ بن چکے ہیں، اور ان کی تمام فلمیں باکس آفس پر کامیاب ثابت ہوئیں۔

ورن دھون کی کامیاب فلموں میں ’اکتوبر‘، ’بدلہ پور‘، ’جڑواں 2‘، شامل ہیں۔

کرن جوہر نے ورن دھون سے یہ بھی سوال کیا کہ اگر انہیں رنبیر اور رنویر میں سے کسی ایک سے رشتوں پر مشورہ لینا ہو تو وہ کس سے رابطہ کریں گے، تاہم اس پر بھی ورن نے یہی جواب دیا کہ وہ ان دونوں سے کوئی مشورہ نہیں لیں گے۔

خیال رہے کہ رنبیر کپور اور رنویر سنگھ دونوں ہی کے کئی افیئرز اور بریک اپس کی خبریں میڈیا میں سامنے آچکی ہیں، جبکہ ورن دھون سے متعلق ایسی کوئی خبر کبھی خبروں کا حصہ نہیں بنی۔

ورن دھون سے اس شو پر یہ بھی اعلان کیا کہ وہ اپنی بچپن کی دوست نتاشا دلال سے محبت کرتے ہیں اور جلد ان سے شادی کریں گے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں