وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے میڈیا میں پھیلی ہوئی بے یقینی کی صورت حال کے پیش نظر حکومت کے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ فوری طور پر میڈیا کے بقایاجات ادا کردیے جائیں۔

فواد چوہدری نے اپنے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ ‘وزیر اعظم کی زیرصدارت میڈیا کے بقایاجات کے حوالے سے ایک اہم اجلاس ہوا جس میں وفاقی سیکریٹری اطلاعات، پنجاب اور خیبرپختونخوا (کے پی) کے وزرا کے علاوہ بلوچستان سمیت متعلقہ سیکریٹری اطلاعات شامل تھے’۔

ان کا کہنا تھا کہ 'وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ جو میڈیا کے بقایاجات ہیں ان کو فوری طور پر جاری کیا جائے کیونکہ چند ہفتوں سے میڈیا سے لوگوں کو نکالا جارہا ہے اور حکومت کا عزم تھا کہ بے روزگاری سے بچنا ہے، اس لیے یہ فیصلہ فوری ریلیف کے طور پر کیا ہے'۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت کا پی ٹی وی،ریڈیو پاکستان پرعائد سیاسی سینسر شپ ختم کرنے کا دعویٰ

وفاقی وزیراطلاعات نے کہا کہ ‘حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ وفاق اور تینوں صوبے میڈیا کے بقایاجات فوری طور پر جاری کرنے کا سلسلہ شروع کریں گے’۔

گزشتہ حکومت کے میڈیا پر اشتہارات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ‘پچھلی حکومت نے جس طرح اشتہارات کو سیاست کے لیے استعمال کیا ہم اس کے حامی نہیں ہیں اور اس وقت میڈیا میں جو بے یقینی نظر آرہی ہے اس کی وجہ بھی یہی ہے’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘کوئی بھی حکومت پچھلی حکومت کی طرح اشتہار بازی کا سوچ بھی نہیں سکتی، ہم توازن لے کر آئیں گے کیونکہ ہم نے پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار سرکاری میڈیا پر حکومت کی سنسر شپ ختم کی اسی طرح ہم اشتہارات پر حکومت کا کنٹرول بھی ختم کر رہے ہیں’۔

مزید پڑھیں: عالمی تنظیم کا عمران خان سے صحافت پر قدغن لگانے کی کوششوں کی روک تھام کا مطالبہ

وزیر اطلاعات نے کہا کہ ‘ہم ایک عمل بنا رہے ہیں جس کے تحت سرکاری اشتہارات حکومت کے کنٹرول میں نہیں ہوں گے بلکہ وہ ایک میرٹ کی بنیاد پر نظام سے تقسیم ہوں گے’۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ‘مجھے امید ہے کہ اس فوری ریلیف سے میڈیا کے بڑے اداروں میں ملازمین کو کم کرنے کا جو سلسلہ ہے اس کو فوری طور پر روکا جائے گا اور ہماری کوشش ہے کہ میڈیا کارکنوں اور چھوٹے ملازمین کے نوکریوں کا تحفظ کیا جائے گا’۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ‘ہماری میڈیا پالیسی عام صحافی کے ساتھ کندے سے کندھا ملا کر کھڑا ہونا ہے’۔

تبصرے (0) بند ہیں