لاہور: پنجاب حکومت نے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (پی آئی ٹی بی) کے چیئرمین ڈاکٹر عمر سیف کو عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ کر لیا۔

ڈان ڈاٹ کام سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر عمر سیف نے حکومت کی جانب سے انہیں عہدے سے ہٹانے کی سمری منظور کرنے کی تصدیق کی۔

تاہم اس حوالے سے اب تک کوئی باضابطہ نوٹی فکیشن جاری نہیں کیا گیا۔

عمر سیف کا کہنا تھا کہ 'یہ حکومت کا استحقاق ہے کہ وہ جس کو چاہے عہدے پر مقرر کر سکتی ہے۔'

مزید پڑھیں: پنجاب میں کاروباری کمپنیوں کی آن لائن رجسٹریشن کی سہولت متعارف

انہوں نے کہا کہ 'میں نے حکومت کے لیے 7 سال کام کیا ہے اور مجھے امید ہے کہ وہ کسی ایسے شخص کو چیئرمین مقرر کرے گی جو پی آئی ٹی بی کے معاملات کو آگے لے کر چلیں گے۔'

واضح رہے کہ ڈاکٹر عمر سیف کو 2011 میں انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کا چیئرمین بنایا گیا تھا، جنہیں آئی ٹی کے شعبے میں بہترین اور عمدہ کام کرنے پر ستارہ امتیاز سے بھی نوازا گیا۔

رواں سال اپریل میں پاکستان کے معروف کمپیوٹر سائنسدان اور پاکستان انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر عمر سیف کو یونیسکو میں پاکستان کی چیئر کی سربراہی بھی سونپی گئی تھی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں