مشفیق کی تاریخی ڈبل سنچری، بنگلہ دیش کی پوزیشن مستحکم

اپ ڈیٹ 12 نومبر 2018
بنگلہ دیشی بلے باز مشفیق الرحیم کا ڈبل سنچری کی تکمیل کے بعد فاتحانہ انداز— فوٹو: اے ایف پی
بنگلہ دیشی بلے باز مشفیق الرحیم کا ڈبل سنچری کی تکمیل کے بعد فاتحانہ انداز— فوٹو: اے ایف پی

ڈھاکا: مشفیق الرحیم کی ریکارڈ ساز ڈبل سنچری کی بدولت بنگلہ دیش کی زمبابوے کے خلاف دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں گرفت مضبوط ہو گئی ہے۔

ڈھاکا میں کھیلے جا رہے سیریز کے آخری ٹیسٹ میچ میں پیر کو میچ کے دوسرے دن بنگلہ دیشی ٹیم نے 303 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ پر پہلی ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو مشفیق 111 رنز پر کھیل رہے تھے۔

مشفیق نے کپتان محمد محموداللہ کے ساتھ مل کر محتاط انداز سے دن کا آغاز کیا اور ٹیم کا اسکور 372 تک پہنچا دیا، محموداللہ 36 رنز بنا کر کائل جاروس کی گیند کا نشانہ بنے جبکہ عارف الحق صرف 4 رنز بنا کر چلتے بنے۔

اس کے بعد مشفیق کا ساتھ دینے مہدی حسن میراز آئے اور دونوں کھلاڑی حریف باؤلرز کے سامنے چٹان بن گئے۔

دونوں بلے بازوں نے 8ویں وکٹ کے لیے ناقابل شکست 144رنز کی شراکت قائم کی اور اس دوران مشفیق نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی دوسری ڈبل سنچری اور مہدی حسن نے نصف سنچری مکمل کی۔

بنگلہ دیشی قائد نے 522 رنز 7 کھلاڑی آؤٹ پر پہلی اننگز ڈکلیئر کرنے کا اعلان کردیا، مشفیق 219 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے جو ٹیسٹ کرکٹ میں کسی بھی بنگلہ دیشی بلے باز کی سب سے بڑی اننگز ہے جبکہ مہدی 68 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

زمبابوے کی جانب سے جاروس 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے سب سے کامیاب باؤلر رہے۔

جواب میں زمبابوین ٹیم نے دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک اپنی پہلی اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 25 رنز بنا لیے تھے اور اسے بنگال ٹائیگرز کی پہلی اننگز کا اسکور برابر کرنے کے لیے مزید 497 رنز کی ضرورت ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں