’شادی میں دیے جانے والے تحفے عطیہ کردیں‘

13 نومبر 2018
ان دونوں کی شادی 14 اور 15 نومبر کو ہوگی —فوٹو/ اسکرین شاٹ
ان دونوں کی شادی 14 اور 15 نومبر کو ہوگی —فوٹو/ اسکرین شاٹ

بولی وڈ اداکار رنویر سنگھ اور اداکارہ دپیکا پڈوکون کی شادی کی تقریبات کا آغاز اٹلی میں ہوچکا ہے، تاہم اس موقع پر کوئی تصاویر سوشل میڈیا پر سامنے نہیں آئی۔

ان دونوں اداکاروں کے مداح ان کی شادی کی تقریبات کی جھلکیاں دیکھنے کے لیے بےتاب ہیں، تاہم اداکاروں نے اپنی شادی کے موقع پر کسی کیمرے کی اجازت نہیں دی، جس کی وجہ سے اس موقع کی تصاویر سامنے نہیں آرہی۔

مزید پڑھیں: رنویر اور دپیکا شادی کے لیے اٹلی روانہ

البتہ دپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ کی شادی کا کارڈ سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہورہا ہے۔

جس سے اس بات کا بھی انکشاف ہوا کہ ان دونوں نے اپنی شادی میں آنے والے مہمانوں سے درخواست کی ہے کہ وہ انہیں کسی قسم کا تحفہ نہ دیں، بلکہ اس کی جگہ اس کی رقم ضرورت مندوں کو عطیہ کردیں۔

یاد رہے کہ شادی میں آنے والے مہمان ہمیشہ دلہا اور دلہن کو اس خوشی کے موقع پر تحفے دیتے ہیں، تاہم دپیکا اور رنویر نے مہمانوں سے گزارش کی ہے کہ وہ انہیں تحفے دینے کے بجائے اس کی رقم دپیکا کی فاؤندیشن ’لو لو لاف‘ کو عطیہ کردیں۔

واضح رہے کہ دپیکا پڈوکون کئی سال قبل ڈپریشن میں مبتلا تھیں جس کے بعد انہوں نے یہ فاؤنڈیشن تعمیر کی۔

دپیکا کے ساتھ ساتھ رنویر سنگھ بھی اس فاؤنڈیشن کو سپورٹ کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: دپیکا اور رنویر کی شادی میں موبائل فونز لانا ممنوع

خیال رہے کہ دپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ کے افیئر کو 6 سال مکمل ہوچکے ہیں، اس بات کا انکشاف دپیکا نے خود کافی وف کرن شو کے دوران کیا۔

دپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ کی شادی 14 اور 15 نومبر کو دو روایات کے تحت ہوگی، جس کے بعد یہ دونوں بھارت میں اپنے دوستوں اور فیملی کے لیے شادی کے جشن کی تقریب منعقد کریں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں