ایمازون نے اپنے ہیڈکوارٹرز کو 2 حصوں میں بانٹتے ہوئے امریکا کے شہر نیو یارک اور واشنگٹن میں قائم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کی رپورٹ میں وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ آن لائن ریٹیل کا کاروبار کرنے والی کمپنی کی جانب سے اس کا باضابطہ اعلان کیا جانا ہے۔

200 شہروں میں سال بھر سے تلاش کے بعد کمپنی نے نوکریوں، ترقی اور ٹیکس ریوینیو کو لانے کے لیے نیو یارک میں کوئینز کے قریب لونگ آئی لینڈ اور واشنگٹن کے قریب کرسٹل سٹی ایریا میں 2 ہیڈ کوارٹرز بنانے کا فیصلہ کرلیا۔

مزید پڑھیں: ایمازون پاکستان میں آنے کے لیے تیار؟

اس حوالے سے گزشتہ ہفتے جرنل اور نیو یارک ٹائمز میں بھی رپورٹس شائع کی گئی تھیں۔

ان رپورٹس کے مطابق تقریباً 50 ہزار نوکریاں دونوں شہروں میں بانٹی جائیں گی۔

گزشتہ ہفتے جرنل نے نامعلوم ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا تھا کہ ایمازون نے فیصلہ کیا تھا کہ اپنے ہیڈ کوارٹرز کو 2 حصوں میں بانٹنے سے معاشی فوائد حاصل ہوں گے جبکہ ٹرانسپورٹ جیسے کام کا بوجھ بھی کم ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: مالیت کے اعتبار سے ایمازون دنیا کی دوسری بڑی کمپنی

ایمازون کو اس بات کا بھی خوف تھا کہ ہیڈ کوارٹر کو ایک جگہ بنانے سے انہیں اتنے انجینیئرز اور اسٹاف میسر نہیں ہوں گے۔

خیال رہے کہ ایمازون کا ہیڈ کوارٹر فی الحال امریکا کے شہر سی ایٹل میں قائم ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں