لاہور: صنفی تشدد کی خصوصی عدالت نے 6 سالہ بچی کا ریپ کرنے کے جرم میں قاری محمد شہباز کو عمر قید کی سزا سنادی۔

صنفی تشدد کی خصوصی عدالت کے ایڈیشنل سیشن جج رحمت علی نے بچی کے ریپ سے متعلق کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے مجرم پر 5 لاکھ روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا۔

ایڈیشنل سیشن جج رحمت علی نے فیصلے میں کہا کہ پراسیکیوشن نے اپنا کیس ثابت کیا جس کی بنیاد پر ملزم قاری محمد شہباز کو عمر قید اور 5 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی جاتی ہے۔

فیصلے میں مزید کہا گیا کہ اگر مجرم جرمانہ ادا کرنے میں ناکام ہوا تو اس کی سزا کی مدت میں 6 ماہ کا اضافہ کردیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: مردان: 4 سالہ اسماء کے ریپ، قتل کے الزام میں مجرم کو عمر قید کی سزا

خیال رہے کہ ملزم قاری محمد شہباز پر 6 سالہ بچی کے ریپ کا الزام تھا جس کی ایف آئی آر گلشن راوی پولیس اسٹیشن میں درج کروائی گئی تھی۔

بعد ازاں متاثرہ بچی نے عدالت میں پیش ہو کر اپنا بیان بھی ریکارڈ کروایا تھا۔

واضح رہے کہ صنفی تشدد کی خصوصی عدالت ایشین ڈیولپمنٹ بینک اور لاہور ہائی کورٹ کے اشتراک سے بنائی گئی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں