وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ حکومت، آسیہ بی بی سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلےکا مکمل احترام کرتی ہے جبکہ بطور پاکستانی شہری آسیہ بی بی اور ان کے اہلخانہ کو پاکستان کے آئین میں دیئے گئے تمام حقوق حاصل ہیں۔

وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق یورپی پارلیمنٹ کے صدر انتونیو تاجانی نے وزیر اعظم عمران خان کو ٹیلی فون کیا۔

ٹیلی فونک گفتگو کے دوران وزیر اعظم نے ایک دوسرے کے مذہبی جذبات کے احترام کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے انفرادی بات چیت کے ساتھ ساتھ مکالمہ ناگزیر ہے۔

یورپی پارلیمنٹ کے صدر انتونیو تاجانی نے آسیہ بی بی اور ان کے خاندان کی حفاظت اور سیکیورٹی یقینی بنانے پر وزیر اعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ یورپی پارلیمنٹ، حکومت پاکستان کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی اور بتایا کہ یورپی پارلیمنٹ میں آسیہ بی بی کے حوالے سے بحث ملتوی کر دی گئی ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ حکومت، سپریم کورٹ کے فیصلے کا مکمل احترام کرتی ہے، جبکہ بطور پاکستانی شہری آسیہ بی بی اور ان کے اہلخانہ کو پاکستان کے آئین میں دیئے گئے تمام حقوق حاصل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: آسیہ بی بی کو پناہ دینے سے متعلق پاکستان سے بات کر رہے ہیں، کینیڈا

وزیراعظم نے حکومت اور پاکستان کے عوام کی جانب سے حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے گستاخانہ خاکوں کے مقابلوں کے حوالے سے تحفظات سے آگاہ کیا اور زور دیا کہ یورپی ممالک اس طرح کے اشتعال انگیز واقعات سے بچنے کے لیے مسلمانوں کی مذہبی حساسیت، بالخصوص حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی عزت و احترام کے لیے آگاہی بیدار کرنے کے لیے بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دیں۔

وزیراعظم عمران خان نے یورپی کورٹ برائے انسانی حقوق کے اس فیصلے کا خیر مقدم کیا جس میں کہا گیا ہے کہ آزادی اظہار رائے کی آڑ میں گستاخانہ عمل کی اجازت نہیں۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ یورپی ممالک، یورپی عدالت کے فیصلے پر عمل کریں گے اور ایک دوسرے کے مذہب اور بین المذاہب ہم آہنگی کے احترام کو بڑھانے کے لیے اقدامات کریں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں