اسلام آباد: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے حال ہی میں کراچی میں ہونے والے بجلی کے بڑے بریک ڈاؤن کا نوٹس لے لیا اور کے الیکٹرک کو فوری طور پر اس حوالے سے تفصیلی رپورٹ جمع کروانے کی ہدایت کردی۔

نیپرا کی جانب جاری سے بیان میں کہا گیا کہ انہوں نے میڈیا میں آنے والی رپورٹس کا نوٹس لیا، جس میں کہا گیا تھا کہ پیر کی صبح کراچی میں بن قاسم پاور پلانٹ کی بندش کے سبب ہائی وولٹیج ٹرانسمیشن لائن ٹرپ کر گئی تھی۔

جس کے نتیجے میں نیشنل گرڈ سے کراچی کو بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی تھی اور شہر کو ایک اور بریک ڈاؤن کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

بریک ڈاؤن کی وجہ سے کراچی کے شہریوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا جو کئی گھنٹوں تک بجلی سے محروم رہے اور اس کے نتیجے میں شہر کے 80 فیصد علاقے متاثر ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: ایک مرتبہ پھر بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن، بیشتر علاقے متاثر

نیپرا کا کہنا تھا کہ یہ محض 2 ماہ کے عرصے کے دوران شہر میں ہونے والا بجلی کا 5واں بڑا بریک ڈاؤن تھا جس کی وجہ سے کے الیکٹرک کی ناقص کارکردگی پر ادارے کو سخت تشویش ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ کراچی کو بجلی فراہم کرنے والی کمپنی کے الیکٹرک کو تفصیلی رپورٹ جمع کروانے کی ہدایت کی گئی ہے جس میں حال ہی میں ہونے والے بریک ڈاؤن اور مستقبل میں اس سے بچنے کے لیے کیے جانے و الے اقدامات کے بارے میں آگاہ کرنے کا کہا گیا۔

دوسری جانب کے الیکٹرک کے ترجمان خیام صدیقی نے نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) کو بجلی بحران کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ اس حوالے سے نیپرا کو ایک روز قبل ہی خط لکھ کر آگاہ کردیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: بجلی کے طویل بریک ڈاؤن پر 'کے الیکٹرک' کو 20 لاکھ روپے جرمانہ

ان کا مزید کہنا تھا کہ کے الیکٹرک نے پہلے ہی نیشنل گرڈ اسٹیشن سے کراچی کو ملنے والی بجلی میں آنے والے تعطل کے بارے میں نیپرا کو خبردار کیا تھا۔

خط میں بتایا گیا تھا کہ موسم کی خراب صورتحال کے باعث این ٹی ڈی سی نظام میں تعطل سے شہر کے بیشتر علاقے متاثر ہوئے۔

خط میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ کے الیکٹرک بن قاسم پاور اسٹیشن 2 اور کورنگی کمبائنڈ ریسائیکل پاور پلانٹ کو فوری طور پر فعال کردیا گیا تھا تاکہ شہر کو جلد از جلد بجلی بحال کی جاسکے۔

اس کے علاوہ متاثرہ علاقوں میں تمام اسٹریٹجک تنصیبات کو بجلی کی فراہمی کو ترجیحی بنیاد پر بحال کیا گیا تھا، کے الیکٹرک نے پورٹ قاسم کول پاور پلانٹ کو قومی گرڈ سے منسلک کرنے کے بعد چند گھنٹوں تک بجلی فراہم کی۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن، متعدد علاقے متاثر

خط میں مزید کہا گیا کہ کے الیکٹرک نے این ٹی ڈی سی کے ساتھ سرکٹ میں آنے والی نمی کے باعث پورٹ قاسم کول پاور پلانٹ جنریشن کو بجلی کی فراہمی میں آنے والے تعطل کا معاملہ اٹھایا تھا۔

جس میں این ٹی ڈی سی سے درخواست کی گئی تھی کہ سسٹم کا تفصیلی جائزہ لے کر تمام فریقین سے مشاورت کر کے مستقبل میں اسی طرح کے واقعات کو ختم کرنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی بنائی جائے۔


یہ خبر 14 نومبر 2018 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

تبصرے (0) بند ہیں