کراچی میں غیر معمولی اسموگ کا راج

اپ ڈیٹ 14 نومبر 2018
—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

کراچی میں ہوائیں بند ہونے کے باعث غیر معمولی اسموگ (آلودہ دھند) نے شہر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

بدھ کی صبح سے شروع ہونے والی دھند دیکھتے ہی دیکھتے اسموگ میں تبدیل ہوگئی اور حد نگاہ کم ہوجانے سے مختلف علاقوں میں ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔

حد نگاہ کم ہونے کے باعث ڈرائیورز نے احتیاطی تدابیر اپناتے ہوئے گاڑیوں کی رفتار کم رکھی جبکہ اسموگ سے دمے کے مریضوں کو سانس لینے میں بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

مزید پڑھیں: اسموگ کا ایک سبب فصلوں کی باقیات نذرِ آتش کرنا ہے، تحقیق

اس حوالے سے محکمہ موسمیات کراچی کے ڈائریکٹر شاہد عباس نے شہر کی صورتحال کے حوالے سے بتایا کہ ’جب مسلسل درجہ حرارت کم ہوتا ہے تو اسموگ بنتی ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ ’اس وقت زمین اور سمندر کا درجہ حرارت تقریباً ایک جیسا ہے، جس کی وجہ سے ہوائیں چلنا رک گئی ہیں اور کراچی میں اسموگ کی صورتحال پیدا ہوئی‘۔

شاہد عباس کا کہنا تھا کہ ’جب تک کوئٹہ سے ہوائیں چلنا شروع نہیں ہوتیں یہ اسموگ 2 یا 3 دن تک مزید جاری رہے گی اور اسموگ کے ختم ہونے کے بعد شہر کے درجہ حرارت میں 2 سے 3 ڈگری کمی واقع ہوگی‘۔

اس موقع پر انہوں نے اس امکان کو مسترد کیا کہ آئندہ چند دنوں میں سندھ میں بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر نے بتایا کہ’ اس وقت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش ہورہی ہے لیکن موسم کا یہ نظام گزر رہا ہے اور سندھ میں بارش کا کوئی امکان نہیں‘۔

تاہم ان کا کہنا تھا کہ درجہ حرارت میں کمی ہوگی اور خشک ہوائیں چلنا شروع ہوں گی، جس سے موسم صاف ہوجائے گا‘۔

قبل ازیں محکمہ موسمیات کے ایک عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرف پر ڈان ڈاٹ کام کو بتایا تھا کہ ہوا میں نمی کا تناسب 32 فیصد کے قریب ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کے بیشتر شہروں میں اسموگ سے زندگی مفلوج

انہوں نے کہا کہ نواب شاہ، سکھر، دادو، حیدرآباد، جیکب آباد اور سکرند بھی اس صورتحال سے متاثر ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ موسم سرما میں ملک کے مختلف علاقوں خاص طور پر پنجاب میں اسموگ ایک معمولی بات ہے، تاہم فصلوں کی باقیات، فیکڑیوں اور ٹریفک کی آلودگی کو اسموگ بننے کی وجوہات تصور کیا جاتا ہے۔

اس کے علاوہ سرحد پار فصلوں کی باقیات جلانے سے بھی مقامی سطح پر موسم کی صورتحال متاثر ہوتی ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں