سپریم کورٹ آف پاکستان نے غلط خبر شائع کرنے پر روزنامہ جنگ اور دی نیوز کو نوٹس جاری کردیا۔

عدالت عظمیٰ میں آج ہونے والی کارروائی کے آغاز میں چیف جسٹس نے جنگ اور دی نیوز کی جانب سے غلط غبر شائع کرنے کا نوٹس لیا۔

چیف جسٹس نے کہا کہ دونوں اخبارات منگوا لیے ہیں، دونوں نے غلط خبر چلائی ہے۔

مزید پڑھیں: ٹی وی چینلز کو غلط خبریں نشر کرنے پر پیمرا کی تنبیہ

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ’حکومت میں نہ اہلیت ہے نہ صلاحیت، جنگ اور دی نیوز نے یہ شہ سرخی لگائی ہے‘ یہ جھوٹی خبر ہے۔

معزز چیف جسٹس نے کہا کہ ہم نے تو بنی گالا کیس میں کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے حوالے سے بات کی تھی، عدالتی کارروائی کی ریکارڈنگ موجود ہے وہ چلا لیں گے۔

اس دوران ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ اس خبر کے ٹکر بھی چلائے گئے جبکہ جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیے کہ غلط خبر پر پروگرام بھی کیے گئے۔

یہ بھی پڑھیں: دی نیوز کے رپورٹر نے اپنی خبر پر معافی مانگ لی

بعد ازاں عدالت نے جنگ اور دی نیوز کے پرنٹر پبلشر اور ایڈیٹر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 15 نومبر کو جواب طلب کرلیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز بنی گالا تجاوزات سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی تھی، جس میں چیف جسٹس نے سی ڈی اے سے متعلق ریمارکس دیے تھے، تاہم جنگ اور دی نیوز نے اپنے اخبار کی شہ سرخی میں حکومت کا ذکر کیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں