ویمن ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے ایک اہم میچ میں پاکستان نے کپتان جویریہ خان کے ریکارڈ 74 رنز کی بدولت آئرلینڈ کو 38 رنز سے شکست دے کر گروپ میں تیسری پوزیشن حاصل کرلی۔

ویسٹ انڈیز میں کھیلے جارہے ویمن ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے گروپ بی کے میچ میں پاکستان نے آئرلینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور کپتان نے خود ذمہ داری لیتے ہوئے اچھی کارکردگی دکھائی۔

پاکستان نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں پر 139 رنز بنا لیے تھے جس میں اوپنر ناہیدہ خان نے 10 رنز اور عائشہ ظفر نے 21 رنز کی مدد سے پہلی وکٹ کے لیے 16 رنز جوڑے۔

جویریہ خان پہلی وکٹ 16 رنز پر گرنے کے بعد بیٹنگ کے لیے آئیں اور ناقابل شکست 74 رنز بنا کر پاکستان کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ایک میچ میں سب سے بڑا اسکور بنانے کا ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔

عمیمہ سہیل نے 18، ندا ڈار نے 9 اور عالیہ ریاض نے ایک رن بنا کر جویریہ کا ساتھ دیا۔

آئرلینڈ کی جانب سے ایل کے اورئیلی نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان کی جانب سے بہترین باؤلنگ کے نتیجے میں بظاہر آسان نظرآنے والا ہدف آئرلینڈ کی ٹیم کے لیے پہاڑ بن گیا اور مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر صرف 101 رنز بنا سکی۔

آئرلینڈ کی جوئس 30 اور شلنگٹن 27 رنز بنا کر نمایاں رہیں۔

قومی ٹیم کی سابق کپتان ثنا میر، ایمن انور، نشرح خان اور عالیہ ریاض نے 2،2 وکٹیں حاصل کرکے پاکستان کو قیمتی فتح سے ہم کنار کردیا۔

خیال رہے کہ پاکستان کو پہلے میچ میں بھارت سے 7 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جہاں پنالٹی کے طور پر بھارت کو 10 اضافی رنز بھی دیے گئے تھے۔

مزید پڑھیں:اننگز شروع ہونے سے قبل ہی پاکستان کےخلاف بھارت کو 10رنز کیوں دیے گئے؟

پاکستان نے دوسرے میچ میں کامیابی کے ساتھ گروپ بی میں تیسری پوزیشن حاصل کرلی، گروپ میں آسٹریلیا کی خواتین ٹیم پہلے اور بھارت کا دوسرا نمبر ہے۔

آئرلینڈ کے خلاف میچ میں جویریہ خان کو شاندار بلے بازی پر میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

—فوٹو:آئی سی سی ٹویٹر
—فوٹو:آئی سی سی ٹویٹر

یاد رہے کہ خواتین کی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں پاکستان کی جانب سے کسی بھی کھلاڑی کا یہ سب سے بڑا انفرادی اسکور ہے اس سے قبل بسمہ معروف نے آؤٹ ہوئے بغیر 62 رنز بنائے تھے۔

جویریہ خان ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والی کھلاڑیوں میں 262 رنز کے ساتھ دوسرے نمبر ہیں اور بسمہ معروف نے سب سے زیادہ 460 رنز بنا رکھے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں