کولمبو: سری لنکا کے سابق کرکٹ کپتان تلکارتنے دلشان نے ملک کے سابق صدر مہندا راجہ پاکسے کی سیاسی جماعت میں شمولیت اختیار کرلی۔

سری لنکا کے صدر نے اکتوبر میں رنیل وکراما سنگے کو برطرف کرکے راجہ پاکسے کو ملک کا وزیر اعظم مقرر کیا تھا۔

تاہم گزشتہ روز سری لنکن سپریم کورٹ نے صدر کے فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے پارلیمنٹ بحال کردی تھی اور قبل از وقت انتخابات کی تیاری روکنے کا حکم دیا تھا۔

ملک میں جاری سنگین حکومتی بحران میں نو بحال شدہ پارلیمنٹ نے تحریک عدم اعتماد کے نتیجے میں مہندا راجہ پاکسے کو عہدے سے ہٹا دیا تھا۔

42 سالہ تلکارتنے دلشان نے راجہ پاکسے کو وزارت عظمیٰ کے عہدے سے ہٹائے جانے کے فوری بعد ہی ان کی حال ہی میں قائم ہونے والی پارٹی سری لنکا پیپلز فرنٹ (ایس ایل پی پی) میں شمولیت اختیار کی۔

یہ بھی پڑھیں: دلشان کا بین الاقوامی کرکٹ سے کنارہ کشی کا اعلان

2016 میں کرکٹ کو خیر باد کہنے والے دلشان کی جانب سے ابتدائی طور پر اس حوالے سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا، تاہم 'ایس ایل پی پی' نے دلشان کی سینئر سیاستدان سے ممبرشپ لینے کی تصویر پوسٹ کی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی سری لنکا کے کئی کرکٹ اسٹارز سیاست میں قدم رکھ چکے ہیں۔

سری لنکا کو ورلڈ کپ جتوانے والے کپتان ارجونا راناٹُنگا، وکراما سنگے کی حکومت میں کابینہ کے رکن بھی رہ چکے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں