بچپن میں ہوسکتا ہے کہ آپ نے پوپائے دی سیلر کارٹون دیکھیں ہوں جس میں وہ کردار پالک کھا کر اچانک بہت زیادہ طاقتور ہوجاتا ہے۔

اس کو حقیقت تو قرار نہیں دیا جاسکتا مگر سبز پتوں والی یہ سبزی کسی بھی سپرفوڈ سے کم نہیں۔

اس کو کسی بھی صورت میں کھایا جائے یہ جسم کو فائدہ پہنچاتی ہے کیونکہ وہ وٹامن اے، سی اور کے سے بھرپور ہونے کے ساتھ ساتھ میگنیشم، آئرن اور مینگنیز جیسے اجزا بھی فراہم کرتی ہے۔

اس کے چند فوائد درج ذیل ہیں۔

ہڈیاں مضبوط بنائے

پالک وٹامن کے کو جزو بدن بنانے کے لیے اچھا ذریعہ ہے جو کہ ایسے پروٹین کے بننے میں مدد دیتا ہے جو کہ ہڈیوں میں کیلشیئم کی سطح کو مستحکم رکھتا ہے، وٹامن کے سے ہٹ کر پالک میں کیلیشئم اور وٹامن ڈی، غذائی فائبر، پوٹاشیم، میگنیشم اور وٹامن سی جیسے اجزا موجود ہیں جو کہ ہڈیوں کی صحت کے لیے فائدہ مند ہیں۔

مزید پڑھیں : 16 غذائیں جو بڑھاپے کی جانب سفر سست کریں

بینائی کے لیے فائدہ مند

پالک کو مختلف طریقوں سے بناکر کھایا جاسکتا ہے اور یہ کوئی اہمیت نہیں رکھتا بلکہ اس کا استعمال معمول بنالینے کو یقینی بنائیں۔ مختلف طبی تحقیقی رپورٹس کے مطابق پالک میں موجود لیوٹین ایسا جز ہے جو عمر بڑھنے کے ساتھ آنکھوں کے پٹھوں میں آنے والی تنزلی اور موتیے کی روک تھام میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے، یعنی چشمہ لگنے کا امکان کم ہوتا ہے۔

قبض سے بچائے

پالک نہ صرف فائبر سے بھرپور ہوتی ہے بلکہ میگنیشم کے حصول کا بھی بہترین ذریعہ ہے، یہ منرل آنتوں کے لیے ضروری ہوتا ہے اور فضلے کو صاف کرنے کا کام کرتا ہے۔

بلڈ پریشر مستحکم رکھے

پالک آئرن، فائبر، وٹامن اے اور سی سے بھرپور سبزی ہے، یہ پوٹاشیم کے حصول کے لیے بھی اچھا ذریعہ ہے جو کہ بلڈپریشر کی سطح کم کرنے میں انتہائی ضروری جز ہے جبکہ شریانوں کی صحت بھی بہتر بناتا ہے۔

خون کی کمی دور کرے

پالک آئرن سے بھرپور سبزی ہے اور اسے کھانا غذائی اجزاءکو بہت تیزی سے جسم میں جذب ہونے میں مدد دیتا ہے، جبکہ ہیموگلوبن کی سطح بڑھا کر جسم میں خون کی کمی دور کرتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : خون کی کمی دور کرنے والی غذائیں

بالوں کو گرنے سے روکے

اگر بال تیزی سے گر رہے ہیں اور ڈر ہے کہ کہیں گنج پن کا شکار نہ ہوجائیں تو پالک کھانا شروع کردیں۔ پالک وٹامن آئرن، وٹامن اے اور سی سے بھرپور ہوتی ہے اور بالوں کو لمبے، مضبوط اور چمکدار بناتی ہے۔

بلڈ شوگر بڑھنے سے روکے

پالک ان چند سبزیوں میں سے ایک ہے جو ذیابیطس میں مبتلا ہونے کا خطرہ ٹالنے میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔ جو لوگ روزانہ کچھ مقدار میں پالک کا استعمال کرتے ہیں ان میں ذیابیطس کا خطرہ اس سبزی سے دور بھاگنے والوں کے مقابلے میں 14 فیصد کم ہوتا ہے۔ اس سبزی میں وٹامن کے، میگنیشم، پوٹاشیم، زنک اور دیگر منرلز بھی موجود ہوتے ہیں جو کہ عام صحت کے لیے بھی فائدہ مند ثابت ہوتے ہیں۔

دماغ کے لیے بھی فائدہ مند

پالک میں لوٹین نامی اینٹی آکسائیڈنٹ بڑی مقدار میں پایا جاتا ہے جو دماغی تنزلی سے تحفظ دینے میں مدد فراہم کرتا ہے۔ ہاورڈ میڈیکل اسکول کی ایک تحقیق کے مطابق جو خواتین پالک اور اس جیسی سبز پتوں والی سبزیوں کا زیادہ استعمال کرتی ہیں ان میں دماغی تنزلی کی شرح بہت کم ہوتی ہے خاص طور پر ان افراد کے مقابلے میں جو اس مزیدار سبزی سے دور بھاگنا زیادہ پسند کرتے ہیں۔

جسمانی توانائی بڑھائے

پالک سے جسم کو درکار میگنیشم کی مقدار ملتی ہے جو کہ روزمرہ کے کاموں کے لیے توانائی کی شکل اختیار کرلیتی ہے۔ پالک میں موجود ایک جز فولیٹ خوراک کو قابل استعمال توانائی میں تبدیل کرنے میں مدد دیتا ہے۔

نوٹ: یہ مضمون عام معلومات کے لیے ہے۔ قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ لیں۔

تبصرے (0) بند ہیں