پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پنجاب سے سینیٹ کی خالی ہونے والی مسلم لیگ (ن) کی 2 نشستیں جیت لیں۔

سینیٹ کی 2 نشستوں کے لیے پنجاب اسمبلی میں پولنگ شام 4 بجے تک جاری رہی۔

تحریک انصاف کے ولید اقبال 184 ووٹ لے کر پنجاب سے جنرل سیٹ پر سینیٹر منتخب ہوئے۔

ان کے مدمقابل مسلم لیگ (ن) کے سعود مجید نے 176 ووٹ حاصل کیے۔

خواتین کی نشست پر پی ٹی آئی کی سیمی ایزدی 183 ووٹ کے ساتھ فاتح قرار پائیں، جبکہ ان کی مقابل لیگی امیدوار سائرہ افضل تارڑ نے 175 ووٹ حاصل کیے۔

مجموعی طور پر 367 ووٹ ڈالے گئے جن میں سے 16 ووٹ مسترد ہوئے۔

مزید پڑھیں: دوہری شہریت کیس:نومنتخب سینیٹرز کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روکنے کا حکم

حکومتی جماعت پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے 179 اور اتحادی (ق) لیگ کے 10 ووٹ کاسٹ ہوئے۔

اپوزیشن کی جانب سے مجموعی طور پر 173 ووٹ کاسٹ کیے گئے، جن میں مسلم لیگ (ن) کے 166 اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے 7 ووٹ کاسٹ ہوئے۔

واضح رہے کہ یہ دونوں نشستیں مسلم لیگ (ن) کے ہارون اختر اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی ہمشیرہ سعدیہ عباسی کی نااہلی کے باعث خالی ہوئی تھیں۔

سپریم کورٹ نے دونوں کو دہری شہریت پر نااہل قرار دیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں