بچوں کو گود میں اٹھاتے اور ان سے کھیلتے وقت خاص خیال رکھیے

16 نومبر 2018
بہت ہی کم عمر بچے کو اچھال اچھال کر اس کے ساتھ کھیلنا ٹھیک نہیں۔
بہت ہی کم عمر بچے کو اچھال اچھال کر اس کے ساتھ کھیلنا ٹھیک نہیں۔

نومولود بچوں کو بستر سے اٹھانے یا سلانے میں خاص خیال رکھنے کی ضرورت ہوتی ہے۔ کبھی کبھار تو تجربہ کار ماؤں کو بھی بچوں کو اٹھانے میں مسائل کا سامنا کرنا پڑجاتا ہے، کیونکہ انہیں بچے کے گرنے یا کسی ناگہانی چوٹ کا ڈر لاحق رہتا ہے۔

اسی لیے بچوں کو اٹھانے، بٹھانے اور لٹانے کے لیے احتیاط برتنے کے لیے زیادہ تر والدین اپنے گھر کے دیگر افراد، دوست و احباب سے اس معاملے میں مدد مانگتے ہیں یا پھر قلیل وقت کے لیے نرسز کو بھی ملازمت پر رکھ لیتے ہیں۔

بچوں کو کس طرح گود میں اٹھانا ہے یا بستر سے اٹھانا ہے، اس حوالے سے سب سے بہترین مشورہ آپ کے ڈاکٹر ہی دے سکتے ہیں۔ ایک ماہر ڈاکٹر کے مطابق ابتدائی دنوں میں بچے کو ہر وقت انفیکشن ہونے کا خدشہ لاحق ہوتا۔ اس دوران ایسا بھی وقت آسکتا ہے کہ جب بچے کو انفیکشن سے محفوظ رکھنے کے لیے آپ اسے زیادہ لوگوں سے ملانا ہی چھوڑ سکتے ہیں۔

بچے کو کس طرح اٹھانا ہے؟ اس حوالے سے ایک ماہر نے ہمیں چند ٹپس دی ہیں جو مندرجہ ذیل پیش کی جا رہی ہیں۔

  • بہت ہی کم عمر بچوں میں مختلف اقسام کے انفیکشنز ہونے کا خدشہ لاحق ہوتا ہے کیونکہ ان کا مدافعاتی نظام ابھی مکمل طور بالغ نہیں ہوا ہوتا۔ لہٰذا ضروری ہے کہ بچوں کو گود میں اٹھانے سے قبل ہاتھوں کو اچھی طرح سے صاف کرلیا جائے۔ جس کے لیے کسی اچھے ہینڈ واش یا سینیٹائزر کا انتخاب کیا جاسکتا ہے۔
  • نومولود بچے کی ریڑھ کی ہڈی بہت ہی نازک ہوتی ہے، سادہ لفظوں میں کہیں تو اس کی ریڑھ کی ہڈی ابھی پوری طرح سے بالغ ہی نہیں ہوتی۔ اسی لیے بچے کو گود میں لیتے یا بستر سلاتے وقت بڑی احتیاط کے ساتھ اس کے سر یا گلے کو سہارا دیجیے۔

  • جب آپ بچے کو جگانا چاہتے ہوں تو اس کے جسم کو زیادہ ہلانا ڈلانا بالکل بھی ٹھیک نہیں، بچے کے ساتھ کھیلتے وقت یا کسی دوسری وجہ سے اس کے نازک جسم کو زیادہ ہلانے ڈلانے سے سر میں انٹرنل بلیڈنگ ہوسکتی ہے اور یہ اس کی موت کا باعث بھی بن سکتی ہے۔
  • اس بات کا خاص خیال رکھیں کہ آپ کا بچہ جس کسی جھولے میں لیٹا ہے، یا پھر کیریئر یا کار سیٹ پر بیٹھا ہے وہ محفوظ ہے یا نہیں؟
  • بچے کے ساتھ ناہموار زمین پر سفر کرنا ٹھیک نہیں لہٰذا سیر و تفریخ یا سفر کے دوران بچوں کو جھٹکوں سے محفوظ رکھنے کی پوری کوشش کریں کیونکہ اس طرح بچے کو چوٹ لگنے کا خدشہ ہوتا ہے۔
  • بہت ہی کم عمر بچے کو اچھال اچھال کر اس کے ساتھ کھیلنا ٹھیک نہیں کیونکہ جیسا کہ اوپر بھی کہا گیا کہ بچے کے جسم کو زیادہ ہلانا کافی نقصاندہ ثابت ہوسکتا ہے۔ لہٰذا جب بچے کا جسم پوری طرح سے وجود میں آجائے تب ہی اس کے ساتھ اس طرح کے کھیل کھیلیے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں