جب اداکارائیں حقیقی زندگی میں دلہن بنیں

بولی وڈ اداکارہ دپیکا پڈوکون اور اداکار رنویر سنگھ نے رواں ماہ 14 اور 15 تاریخ کو اٹلی میں شادی کرلی۔

ان دونوں کی شادی میں سخت سیکیورٹی کے باعث دلہا دلہن کی کوئی تصویر یا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل نہیں ہوئی جس کے باعث ان کے مداح دونوں کی ایک جھلک دیکھنے کو بےتاب رہے۔

جس کے بعد رنویر سنگھ اور دپیکا پڈوکون نے خود اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر اپنی شادی کی دو خوبصورت تصاویر مداحوں کے ساتھ شیئر کردی۔

ان دونوں اداکاروں کی شادی دو الگ الگ روایات کے حساب سے طے پائیں، جن کے انداز کو مداحوں سے خوب سراہا۔

کسی بھی لڑکی کے لیے اس کی شادی کا دن بہت یادگار ہوتا ہے، وہ چاہتی ہے کہ اس دن وہ سب سے منفرد اور نہایت خوبصورت نظر آئے، اور یقیناً ایسا ہی کچھ دپیکا پڈوکون نے بھی چاہا ہوگا۔

دپیکا پڈوکون نے ہندوستانی ڈیزائنر سبیاسچی کا تیار کردہ لہنگا اور ساڑھی زیب تن کی، جبکہ اس دوران کافی بھاری زیورات بھی پہنے اور یقیناً وہ اپنے اس انداز میں ایک خوبصورت دلہن نظر آئیں۔

ایسے ہی اگر اور اداکاراؤں کی بات کی جائے تو انہوں نے بھی اپنی شادی کے موقع پر خاص تیاری کی، کسی نے آج کے زمانے کا انداز اپنایا تو کسی نے روایتی ملبوسات کا انتخاب کیا۔

بولی وڈ انڈسٹری کی چند ایسی یادگار دلہنوں میں انوشکا شرما، ایشوریا رائے بچن، کرینہ کپور خان، بپاشا باسو اور شلپا شیٹی شامل ہیں۔

سونم کپور

سونم کپور نے رواں سال مئی میں کاروباری شخص اور قریبی دوست آنند آہوجا سے ممبئی مین شادی کی۔

ان دونوں کے تعلقات کی خبریں طویل عرصے سے میڈیا میں سامنے آتی رہیں، تاہم سونم کپور نے ہمیشہ اپنے ہر انٹرویو میں اپنی ذاتی زندگی سے متعلق بات چیت کرنے سے گریز کیا۔

انوشکا شرما

انوشکا شرما اور ویرات کوہلی کی جوڑی کا شمار بولی وڈ کی بہترین جوڑیوں میں کیا جاتا ہے، ویسے تو اس سے قبل کئی کرکٹرز اور بولی وڈ اداکاراؤں کی شادی ہوئی، تاہم ان دونوں کی شادی کو میڈیا اور مداحوں کی سب سے زیادہ توجہ موصول ہوئی تھی۔

انوشکا اور ویرات کی شادی 2017 کے دسمبر میں اٹلی میں ہوئی، ان دونوں کی شادی کی تصاویر اور ویڈیوز طویل عرصے سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں۔

نیہا دھوپیا

اداکار نیہا دھوپیا نے بھی ساتھی اداکار انگت بیدی سے رواں سال مئی میں شادی کرلی تھی۔

ان دونوں نے اپنی شادی کی تقریب کو خفیہ رکھا، تاہم بعدازاں خود ہی سوشل میڈیا پر اس موقع کی تصاویر شیئر کردی۔

حال ہی میں ایک انٹرویو میں اداکار انگت بیدی نے انکشاف کیا کہ ان دونوں نے اتنی جلدی خفیہ شادی اس لیے کی کیوں کہ نیہا دھوپیا ماں بننے والی تھیں۔

ایشوریا رائے بچن

سابق مس ورلڈ اور بولی وڈ کی خوبصورت اداکارہ ایشوریا رائے بچن نے اداکار ابھیشیک بچن کے ساتھ سال 2007 میں 20 اپریل کو شادی کی۔

ان دونوں کی شادی کی خبریں طویل عرصت تک میڈیا خبروں میں رہیں، جبکہ ان کی شادی کو بولی وڈ کی سب سے بڑی شادی قرار دیا گیا۔

دپیکا پڈوکون کی طرح ان دونوں کی شادی میں بھی سیکیورٹی کا سخت انتظام کیا گیا تھا، اس کے باوجود تقریب کی تصاویر میڈیا میں وائرل ہوگئی تھی۔

شلپا شیٹی

اداکارہ شلپا شیٹی نے 22 نومبر 2009 کو بزنس مین راج کندرا کے ساتھ شادی کی۔

اپنی شادی میں انہوں نے خوبصورت سرخ رنگ کی ساڑھی زیب تن کی تھی۔

کرینہ کپور خان

بولی وڈ بیبو کرینہ کپور کی شادی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کی سب سے یادگار شادی مانی جاتی ہے۔

کرینہ کپور نے خود سے 10 سال بڑے سیف علی خان سے 2012 میں اکتوبر کے ماہ میں شادی کی۔

ہندو تنظیمات نے کرینہ کپور کو مسلمان اداکار سے شادی کرنے پر سخت تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا۔

بپاشا باسو

بولی وڈ اداکار بپاشا باسو کی شادی بھی کسی فلمی کہانی سے کم نہیں تھی، انہوں نے نہ صرف خود سے 3 سال چھوٹے اداکار کرن سنگھ کروور سے 2016 اپریل میں شادی کی، بلکہ انہوں نے ان کا ماضی بھی قبول کیا۔

کرن سنگھ گروور کی بپاشا باسو سے قبل دو شادیاں ہوچکی تھیں، جبکہ کیریئر میں بھی وہ بپاشا سے کافی پیچھے تھے۔

کاجول

بولی وڈ اداکارہ کاجول نے اپنے ساتھی اداکار اجے دیوگن کے ساتھ سال 1999 میں فروری میں شادی کی۔

یہ دونوں ایک دوسرے کو بےحد پسند کرتے تھے جبکہ انہوں نے ایک ساتھ کئی کامیاب فلموں میں بھی کام کیا۔


اگر پاکستانی اداکاراؤں کی بات کی جائے تو نہوں نے بھی اپنی شادیوں میں نہایت شاندار انداز اپنائے، جن میں عائزہ خان، صنم جنگ، ثروت گیلانی اور عروہ حسین شامل ہیں۔

عائزہ خان

عائزہ خان نے اگست 2014 میں ساتھی اداکار دانش تیمور سے شادی کی۔

یہ دونوں ایک دوسرے کو بےحد پسند کرتے تھے، جہاں ان کی جوڑی کو پاکستان کی شاندار جوڑیوں میں شمار کیا جاتا ہے وہیں ان کی شادی کے ایونٹس بھی نہایت خوبصورت انداز میں منعقد ہوئے۔

ثروت گیلانی

اداکار ثروت گیلانی نے 2014 اگست میں دوست اور ساتھی اداکار فہد مرزا سے شادی کی۔

ان کی شادی کی خبریں تو میڈیا میں زیادہ وائرل نہیں ہوئیں، البتہ بعدازاں شادی کی تصاویر سامنے آنے کے بعد ان کی جوڑی کو مداحوں نے خوب سراہا۔

یہ ثروت گیلانی کی دوسری شادی تھی، اس سے قبل انہوں نے 2005 میں عمر سلیم سے شادی کی تھی، تاہم بعدازاں ان دونوں میں علحیدگی ہوگئی۔

صنم جنگ

دلکش اداکارہ صنم جنگ کی شادی 2016 کے آغاز میں سید عبدل قسام جعفری سے ہوئی تھی، جن کا انٹرٹینمنٹ انڈسٹری سے کوئی تعلق نہیں۔

اس ہی سال ان کے ہاں بیٹی کی پیدائش بھی ہوئی۔

عروہ حسین

اداکارہ عروہ حسین نے ساتھی اداکار و گلوکار فرحان سعید کے ہمراہ 2016 دسمبر میں شادی کی۔

ان دونوں کی شادی کی تصاویر سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوئیں، جبکہ اداکارہ کو ان تقریبات میں نہایت مہنگے ملبوسات زیب تن کرنے پر تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا۔

عائشہ خان

سابق اداکارہ عائشہ خان نے رواں سال اپریل میں میجر عقبہ حدید سے شادی کی۔

شادی سے قبل ہی عائشہ خان نے سوشل میڈیا پر شوبز چھوڑنے کا اعلان کردیا تھا۔


فوٹو بشکریہ/انسٹاگرام