’آج تک تمہاری جلن کی نشانی کو ہتھیلی پر سجا کر رکھا ہے‘

16 نومبر 2018
ڈراما جلد ہم ٹی وی پر نشر ہوگا —فوٹو/ اسکرین شاٹ
ڈراما جلد ہم ٹی وی پر نشر ہوگا —فوٹو/ اسکرین شاٹ

تقسیم برصغیر کے گرد گھومنے والے ڈرامے 'آنگن' کا انتظار مداح بےصبری سے کررہے ہیں، جس کی ایک اور جھلک میکرز نے سوشل میڈیا پر ریلیز کردی۔

اس ڈرامے کے نئے ٹیزر میں ڈرامے کے دو اور اہم اداکار سونیا حسین اور احسن خان کے کردار کو پیش کیا گیا۔

نئے ٹیزر میں دکھایا گیا کہ سونیا حسین اور احسن خان ایک دوسرے کو بچپن سے جانتے ہیں، تاہم کچھ عرصے کے لیے یہ ایک دوسرے سے الگ ہوگئے تھے جس کے بعد ان کے درمیان کئی غلط فہمیاں پیدا ہوگئیں۔

جس میں ایک موقع پر سونیا یہ ڈائیلاگ ’آج تک تمہاری جلن کی نشانی کو ہتھیلی پر سجا کر رکھا ہے‘ بھی بولتی نظر آئیں۔

مزید پڑھیں: احسن خان بھی ماورا حسین کے ڈرامے میں کاسٹ

ٹیزر کو دیکھ کر ایک بات یقین سے کہی جاسکتی ہے کہ ان دونوں کی جوڑی بھی تعریف کے قابل ہے۔

یہ ڈراما سپرہٹ سیریل 'اڈاری' کے ڈائریکٹر احتشام الدین نے ڈائریکٹ کیا ہے اور ٹیزر سے اندازہ ہوسکتا ہے کہ سینمافوٹوگرافی اور تفصیلات پر کافی توجہ دی گئی ہے۔

اس ڈرامے کی کہانی خدیجہ مستور کے ناول 'آنگن' سے لی گئی ہے تاہم ڈائیلاگس مصطفیٰ رضوی نے تحریر کیے ہیں۔

ڈرامے کی کاسٹ میں سجل علی، احد رضا میر، عابد علی، حرا مانی، ماورا حسین اور شہزور سبزواری بھی موجود ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ‘آنگن میں 3 مردوں کے ساتھ رومانس کرتی نظر آؤں گی’

یاد رہے کہ اس سے قبل ڈرامے کے دو اور ٹیزرز بھی ریلیز کیے گئے تھے۔

پہلے ٹیزر میں ڈرامے کے مرکزی اداکار احد رضا میر اور سجل علی کے کرداروں کو دکھایا گیا تھا۔

یقین کے سفر کے بعد یہ جوڑی ایک بار پھر کسی ڈرامے کے لیے اکھٹی ہوئی ہے اور دونوں نے اپنے لب و لہجے اور رویوں سے کرداروں میں خود کو پرفیکٹ ظاہر کیا ہے۔

دوسرے ٹیزر میں تقسم برصغیر کے موقع کی کشیدگی کی جھلکیاں، تشدد وغیرہ کو دکھانے کے ساتھ محبت، رومان اور دیگر جذبوں کو بیان کیا گیا ہے، جس میں ماورا حسین کے کردار کو پیش کیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: ڈراما 'آنگن' کی پہلی متاثرکن جھلک سامنے آگئی

اس ڈرامے کے حوالے سے کچھ عرصہ قبل احسن خان نے ڈان سے بات کرتے ہوئے کہا تھا ’جو بات میں جانتا ہوں وہ یہ کہ اس ڈرامے کی کہانی کسی ایک ہیرو یا ہیروئن پر مبنی نہیں، اس میں متعدد کردار ہوں گے، کیوں کہ 6 سے 8 لوگوں کے گرد یہ کہانی گھومتی ہے، اور ہر کسی کا اپنا اہم کردار ہوگا‘۔

’آنگن‘ جلد ہم ٹی وی پر نشر کیا جائے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں