خیبر پختونخوا کے ضلع شانگلہ کی تحصیل مرتونگ کے علاقے لاڑے میں دو بھائیوں نے مبینہ طور پر غیرت کے نام پر اپنی 15سالہ بہن اور 27 سالہ چچازاد بھائی کو قتل کردیا ۔

اس بارے میں ڈان ڈاٹ کام سے گفتگو کرتے ہوئے علاقے کے سب ڈویژنل پولیس افسر زیرب گل نے بتایا کہ لڑکی کے بھائیوں کو شبہ تھا کہ دونوں کے مابین غیر اخلاقی تعلقات ہیں جس پر انہوں نے ’غیرت کے نام‘ پر دونوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔

پولیس افسر کا مزید کہنا تھا کہ قاتل کے والد نے پولیس کو بتایا کہ دونوں مقتولین آپس میں چچا زاد تھے جس میں لڑکی غیر شادی شدہ جبکہ قتل ہونے والے شخص محمد کے 4 بچے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: غیرت کے نام‘ پر لڑکی کا قتل، مجرم کو موت کی سزا

دوسری جانب مقتول کے والد نے پولیس کو بتایا کہ اس کے 2 بھتیجوں نے ان کے بیٹے کو اس وقت قتل کیا جب وہ کھیتوں میں کام کررہا تھا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ دونوں افراد میرے بیٹے کو قتل کرنے کے بعد اپنے گھر گئے اور اپنی بہن کو بھی قتل کردیا، پولیس کے مطابق دونوں ملزمان موقع واردات سے فرار ہوچکے ہیں۔

اس حوالے سے مقامی افراد نے ڈان کو بتایا کہ ایک ہفتے قبل علاقائی عمائدین کے جرگے میں یہ فیصلہ کیا گیا تھا کہ مشتبہ تعلقات کی بنا پر لڑکے اور لڑکی کی شادی کردی جائے گی۔

مزید پڑھیں: غیرت کے نام پر بیٹوں کے ہاتھوں 50 سالہ ماں کا قتل

سب ڈویژنل پولیس افسر کے مطابق پولیس نے پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 302 اور 311 کے تحت مقدمہ درج کر کے ابتدائی طور پر تحقیقات کا آغاز کردیا ہے ۔

تبصرے (0) بند ہیں