کوریو گرافر کے خلاف مقدمہ درج کردیا گیا—فوٹو: ٹائمز آف انڈیا
کوریو گرافر کے خلاف مقدمہ درج کردیا گیا—فوٹو: ٹائمز آف انڈیا

بھارتی ریاست مہارا شٹر کے دارالحکومت ممبئی میں پولیس نے بولی وڈ کی ایک معروف کوریو گرافر کو نئی ڈانسرز کو رقص سکھانے کے بہانے جسم فروشی کے کاروبار پر مجبور کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا۔

بولی وڈ کوریوگرافر 56 سالہ اگنیس ہملٹن ممبئی کے پوش علاقے لوکھنڈوالا آندھرے میں اپنی رہائش گاہ میں نئی لڑکیوں کو رقص کی تربیت دیتی تھیں۔

اگنیس ہملٹن بولی وڈ کی اداکاراؤں اور گانوں میں پرفارمنس کرنے والی ڈانسر کو بھی تربیت دیتی تھیں۔

ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق ممبئی کی کرائم برانچ پولیس کی انسداد بھتہ خوری نے کوریو گرافر کی رہائش گاہ پر چھاپہ مار کر انہیں گرفتار کیا۔

پولیس نے بتایا کہ اس بات کے اشارے ملے ہیں کہ اگنیس ہملٹن ڈانس کی تربیت دینے اور ڈانس پروگرامات کرنے کی آڑ میں لڑکیوں کو جسم فروشی پر مجبور کرتی تھیں۔

پولیس کے مطابق اگنیس ہملٹن رقص سیکھنے والی لڑکیوں کو بیرون ممالک میں ڈانس فیسٹیول میں شرکت کے بہانے جسم فروشی کے لیے اسمگل کرتیں اور انہیں مجبور کرتیں کہ وہ غلیظ کاروبار کریں۔

پولیس نے ان کے خلاف تعزیرات ہند کے تحت خواتین کو غیر قانونی طور پر بیرون ملک بھیجنے سمیت غیر اخلاقی سرگرمیوں کی دفعات کے تحت مقدمہ بھی درج کرلیا۔

پولیس نے بتایا کہ اگنیس ہملٹن گزشتہ چند سال سے اس کاروبار کو جاری رکھے ہوئی تھی، وہ ڈانس سیکھنے والی لڑکیوں کو بھارت سے ملائیشیا منتقل کرتی تھیں۔

علاوہ ازیں بولی وڈ کوریو گرافر خواتین کو افریقی ملک کینیا بھی منتقل کرتی تھیں۔

پولیس کے مطابق تفتیش سے پتہ چلا کہ اگنیس ہملٹن کینیا منتقل کرنے والی ہر لڑکی کے عوض وہاں سے اپنے کاروباری پارٹنر سے 40 ہزار روپے تک وصول کرتی تھی۔

ہندوستام ٹائمز نے بتایا کہ اگنیس ہملٹن نے چند بولی وڈ فلموں میں بھی کوریو گرافی کی اور ان کے تعلقات اداکاروں سمیت بھارتی سیاستدانوں سے بھی رہے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ وہ کوریو گرافر کی جانب جسم فروشی پر مجبور کی جانے والی ڈانسرز کو بھی تلاش کرنے کی کوشش میں ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں