وہ 6 فلمیں جنہیں دیکھنا ہر کسی کے بس کی بات نہیں

اپ ڈیٹ 16 نومبر 2018
پیرا نارمل ایکٹویٹی کی پہلی فلم کو 2009 میں ریلیز کیا گیا—اسکرین شاٹ
پیرا نارمل ایکٹویٹی کی پہلی فلم کو 2009 میں ریلیز کیا گیا—اسکرین شاٹ

یوں تو اب تک ہولی وڈ کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم ’اوتار‘ ہے، جس نے دنیا بھر سے 27 ارب ڈالر یعنی پاکستان 30 کھرب روپے سے زائد کی دولت بٹوری۔

اس فلم کو 2009 میں ریلیز کیا گیا تھا، جس کی ہدایات معروف ڈائریکٹر جیمز کیمرون نے دی تھی۔

کمائی کے لحاظ سے دوسرے نمبر بھی اسی ہدایت کار کی 1997 کی شہرہ آفاق فلم ’ٹائی ٹینک‘ ہے، جس نے 21 ارب ڈالر یعنی پاکستانی 25 کھرب روپے تک کی کمائی کی۔

تاہم ان فلموں کی بجٹ بھی اربوں روپے میں تھی۔

لیکن ہولی وڈ کی ایک فلم ایسی بھی ہے جو بنائی تو محض 20 لاکھ روپے سے زائد کے بجٹ سے گئی تھی، لیکن اس کی کمائی 25 ارب روپے سے بھی زائد ہوگئی۔

یہی نہیں بلکہ یہ فلم اتنی کامیاب ہوئی کہ فلم کی ٹیم کو پوری سیریز بنانی پڑی اور اب تک اس سیریز کی 6 فلمیں ریلیز کی جا چکی ہیں، جنہوں نے ایک سے بڑھ کر ایک ریکارڈ بنائے۔

ہر فلم کی کہانی وہاں سے شروع کی گئی، جہاں پچھلی فلم کی کہانی ختم کی گئی—اسکرین شاٹ
ہر فلم کی کہانی وہاں سے شروع کی گئی، جہاں پچھلی فلم کی کہانی ختم کی گئی—اسکرین شاٹ

باکس آفس موجو کے مطابق ہولی وڈ کی سپرنیچرل ہارر فلم ‘پیرا نارمل ایکٹویٹی‘ کو ستمبر 2009 میں ریلیز کیا گیا تھا، جس نے پہلے ہی دن اپنے بجٹ کا نصف حصہ کما لیا تھا۔

15 ہزار ڈالر یعنی 20 لاکھ پاکستانی روپے کے خرچ سے بننی والی فلم نے صرف امریکا سے ہی 10 کروڑ ڈالر یعنی پاکستانی 12 ارب روپے سے زائد کی رقم بٹوری۔

یوں مجموعی طور پر اس فلم نے دنیا بھر سے 20 کروڑ ڈالر کے قریب یعنی پاکستانی 25 لاکھ روپے سے زائد کی کمائی کی۔

شوبز ویب سائیٹ ’تھاٹ کو‘ کے مطابق ابتدائی طور پر اس فلم کو محدود سینما گھروں میں ریلیز کرنے کی اجازت دی گئی، کیوں کہ اس فلم میں خطرناک خوفناک مناظر دکھائے گئے تھے۔

یہ فلم پر تشدد اور رونگٹے کھڑے کرنے والے مناظر سے بھرپور ہے، جس میں نظر نہ آنے والی قوت ہی فلم کی کاسٹ کو خود کو اذیت پہنچانے اور تشدد کرنے پر اکساتی ہے اور فلم میں کئی بار اداکار خود کو ہی مارتے نظر آتے ہیں۔

فلم کی زیادہ تر شوٹنگ اس طرح کی گئی جیسے فلم میں حقیقی مناظر دکھائے جا رہے ہوں۔

اگرچہ ‘پیرا نارمل ایکٹویٹی’ کی زیادہ تر فلموں میں شامل مناظر عکس بندی کا حصہ تھے، تاہم سیریز کی تمام فلموں میں کچھ حقیقی کلپس بھی شامل کی گئی ہیں، جو امریکا کے مختلف حصوں سے حاصل کی گئی تھیں۔

ہر فلم میں کچھ اہم کرداروں کو مارا بھی گیا—اسکرین شاٹ
ہر فلم میں کچھ اہم کرداروں کو مارا بھی گیا—اسکرین شاٹ

’پیرا نارمل ایکٹویٹی‘ کی ہدایات اسرائیلی امریکی فلم ڈائریکٹر اورن پیلی نے دی تھی، انہوں نے ہی اس کی کہانی لکھی، خود ہی انہوں نے اس کی عکاسی اور ایڈیٹنگ بھی کی۔

فلم کی کہانی ایک شادی شدہ جوڑے کے گرد گھومتی ہے، جن کے ساتھ عجیب طرح کے پرتشدد اور خوفناک واقعات پیش آتے ہیں۔

پہلی فلم کی شاندار کامیابی اور کمائی کے بعد فلم ساز نے اس کی دوسری فلم بنائی اور پھر یہ سلسلہ 2015 تک 6 فلموں تک جاری رہا۔

اب تک اس سیریز کی 6 فلمیں سامنے آ چکی ہیں اور خیال کیا جا رہا ہے کہ ممکنہ طور پر اس کی ساتویں فلم بھی ریلیز کی جائے گی، تاہم فلم کی ٹیم نے اس کا اعلان نہیں کیا۔

پہلی فلم کی طرح اس سیریز کی دیگر تمام فلموں نے بھی بجٹ سے کہیں زیادہ کمائی کی اور تمام فلموں کی کہانی وہیں سے شروع کی گئی، جہاں پچھلی فلم میں کہانی ختم کی گئی تھی۔

فلموں میں رونگٹے کھڑے کردینے والے کئی مناظر شامل ہیں—اسکرین شاٹ
فلموں میں رونگٹے کھڑے کردینے والے کئی مناظر شامل ہیں—اسکرین شاٹ

یوں جہاں ’پیرا نارمل ایکٹویٹی‘ کی کہانی بڑھتی گئی، وہیں اس کی کمائی میں بھی اضافہ ہوتا گیا اور اس سیریز کی سب سے زیادہ پیسے کمانے والی فلم تیسری فلم بنی۔

اس سیریز کی دوسری فلم نے بھی دنیا بھر سے 20 ارب روپے کے قریب رقم بٹوری، جب کہ تیسری فلم نے پہلی اور دوسری فلم کے ریکارڈ بھی توڑ دیے اور وہ 28 ارب روپے کے قریب پیسے بٹورنے میں کامیاب گئی۔

چوتھی فلم نے بھی 15 ارب روپے سے زائد کمائے، تاہم پانچویں اور چھٹی فلموں نے پہلی فلموں کے مقابلے انتہائی کم پیسے کمائے۔

پانچویں فلم کی کمائی 10 ارب روپے سے بھی کم رہی، جب کہ چھٹی فلم 8 ارب سے کچھ زیادہ کمانے میں کامیاب رہی۔

پیرا نارمل ایکٹویٹی

پہلی فلم 2009 میں ریلیز ہوئی اور اس نے 25 ارب روپے بٹورے۔

پیرا نارمل ایکٹویٹی 2

دوسری فلم کو محض ایک سال بعد ہی ریلیز کیا گیا اور اس نے بھی 15 ارب روپے سے زائد کی کمائی کی۔

پیرا نارمل ایکٹویٹی 3

سیریز کی تیسری فلم کو 2011 میں ریلیز کیا گیا، جس نے پہلی دونوں فلموں سے زیادہ کمائی کرتے ہوئے 28 ارب روپے سے زائد پیسے بٹورے۔

پیرا نارمل ایکٹویٹی 4

سیریز کی چوتھی فلم کو 2012 میں ریلیز کیا گیا اور اس نے بھی 15 ارب روپے سے زائد کی رقم بٹوری۔

پیرا نارمل ایکٹویٹی 5

سپر نیچرل ہارر سیریز کی پانچویں فلم کو 2014 میں ریلیز کیا گیا، تاہم اس نے پہلی فلموں کے مقابلے کم کمائی کرتے ہوئے 10 ارب روپے کمائے۔

پیرا نارمل ایکٹویٹی 6

سیریز کی چھٹی اور اب تک کی آخری فلم کو 3 سال قبل 2015 میں ریلیز کیا گیا تھا اور اس نے باقی تمام فلموں سے کم کمائی کی، اس کی کمائی 8 ارب تک محدود رہی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں