پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) نے ایک سال کے تعطل کے بعد مسقط اور شارجہ کے لیے اپنی پروازیں بحال کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

پی آئی اے کے صدر اور سی ای او ایئر مارشل ارشد ملک کی جانب سے عہدہ سنبھالنے کے بعد قومی ایئر لائن کی پروازوں میں توسیع کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ایئر مارشل ارشد ملک نے ادارے کے کمرشل ڈپارٹمنٹ کو ہدایت کی ہے کہ قومی ایئر لائن کی مارکیٹ اور سرمائے تک رسائی کے لیے جارحانہ حکمت عملی اپنائی جائے۔

فیصلے کے مطابق لاہور سے مسقط کے لیے پی آئی اے کی پروازوں کا آغاز 17 نومبر سے ہوگا جو ہفتے میں دو مرتبہ ہفتہ اور اتوار کو چلائی جائیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: پی آئی اے کو ماہانہ 2 ارب روپے کے آپریشنل خسارے کا سامنا

خیال رہے کہ ان پروازوں کے اجرا کے ساتھ ہی 'پی آئی اے' کی مسقط کے لیے پروازوں کی مجموعی تعداد 9 ہوجائے گی جس میں پشاور، تربت اور گوادر سے بھی پروازیں شامل ہوں گی۔

پی آئی اے نے سیالکوٹ سے شارجہ کے لیے ہفتے کی دو پروزایں بحال کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے، جو ہر منگل اور جمعہ کو روانہ ہوں گی۔

سیالکوٹ سے شارجہ کے لیے پروازوں کا آغاز 20 نومبر سے ہوگا جس کے بعد شارجہ کے لیے پی آئی اے کی پروازوں کی تعداد 5 ہوجائے گی، جن میں تربت سے 3 پروازیں بھی شامل ہیں۔

پی آئی اے کے سربراہ ایئر مارشل ارشد ملک نے پروازوں کو بحال کرنے کے حوالے سے انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ خدمات کے معیار کو بہتر بنائیں جو ادارے کی ساکھ کی بہتری کے لیے بھی اہم ہے۔

مزید پڑھیں: پی آئی اے کا خسارہ 10 برس میں 360 ارب روپے تک پہنچ گیا، آڈٹ رپورٹ

ان کا کہنا تھا کہ قومی ایئر لائن کی بحالی اور بہتری اب ناگزیر ہوچکی ہے اور اس حوالے سے حکومت بھی بھرپور تعاون کر رہی ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی وفاقی حکومت نے گزشتہ ماہ ایئر مارشل ارشد محمود ملک کو پی آئی اے کا چیئرمین مقرر کرنے کی منظوری دی تھی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں