وزارت مذہبی امور نے نبی پاک ﷺ کے یوم ولادت کے سلسلے میں دو روزہ 'بین الاقوامی رحمتہ اللعالمینﷺ کانفرنس' منعقد کرنے کا اعلان کردیا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری نے کہا کہ 'پوری امت مسلمہ عید میلاد النبیﷺ منانے جارہی ہے، اگرچہ نبیﷺ کے شایان شان تو کچھ ہو ہی نہیں سکتا لیکن ہم اپنی شایان شان کے مطابق یہ دن منانے جارہے ہیں۔'

انہوں نے کہا کہ اس بار دو روزہ 'بین الاقوامی رحمتہ اللعالمینﷺ کانفرنس' منعقد کی جارہی ہے جو 20 اور 21 نومبر کو کنونشن سینٹر اسلام آباد میں منعقد ہوگی، کانفرنس کا عنوان 'رحمتہ اللعالمین ختم نبوت' اور 'امت مسلمہ کی ذمہ داریاں' رکھا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کانفرنس کے پہلے روز وزیر اعظم عمران خان صدارت فرمائیں گے، دوسرے روز صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی صدارت کریں گے، سیرت النبیﷺ پر لکھے گئے مقالات پر صدر مملکت انعامات دیں گے جبکہ مصر، عراق، شام اور سعودی عرب سمیت بہت سے ممالک کے وفود اس میں شرکت کریں گے۔

پیر نورالحق قادری نے کہا کہ ختم نبوت پوری امت مسلمہ کا متفقہ مسئلہ ہے، جو ختم نبوت پر یقین نہیں رکھتے انہیں پہلے ہی غیر مسلم قرار دیا جاچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دسمبر کے اختتام پر 'بین المذاہب مکالمہ کانفرنس' منعقد کی جائے گی جس میں امام کعبہ اور پوپ کو بھی دعوت دی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ توہین انبیا روکنے کے لیے عالمی قانون بنانے کے لیے کچھ طویل جدوجہد کی ضرورت ہے، جبکہ مغرب میں کچھ لوگ توہین کو آزادئ اظہار سے تعبیر کرتے ہیں انہیں سمجھانے کی کوشش ہے۔

وزیر مذہبی امور نے کہا کہ توہین انبیا عالمی تصادم ہوا دے سکتی ہے تاہم پہلی بار ایک مغربی عدالت نے توہین انبیا کو آزادئ اظہار کے خلاف قرار دیا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں